ٹائٹلکھیل

پہلا ٹی ٹوئنٹی: پاکستان نے آسٹریلیا کو 22 رنز سے شکست دے کر سیریز میں برتری حاصل کر لی

آسٹریلیا کی جانب سے ایڈم زمپا سب سے کامیاب بولر ثابت ہوئے جنہوں نے 24 رنز دے کر 4 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

پہلے ٹی ٹوئنٹی میں پاکستان کی شاندار کامیابی، آسٹریلیا کو 22 رنز سے شکست

پاکستان نے تین ٹی ٹوئنٹی میچوں پر مشتمل سیریز کے پہلے مقابلے میں آسٹریلیا کو 22 رنز سے ہرا کر سیریز کا فاتحانہ آغاز کر دیا۔ لاہور میں کھیلے گئے میچ میں قومی ٹیم نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا۔

مقررہ 20 اوورز میں پاکستان نے 8 وکٹوں کے نقصان پر 168 رنز اسکور کیے۔ صائم ایوب نے 40 رنز کی جارحانہ اننگز کھیل کر ٹیم کی بنیاد رکھی، جبکہ سلمان علی آغا 39 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔ بابر اعظم نے 24 رنز بنائے، عثمان خان نے 18 اور فخر زمان نے 10 رنز کا اضافہ کیا۔ محمد نواز 15 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔

آسٹریلیا کی جانب سے ایڈم زمپا سب سے کامیاب بولر ثابت ہوئے جنہوں نے 24 رنز دے کر 4 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

ہدف کے تعاقب میں آسٹریلوی ٹیم مقررہ اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 146 رنز ہی بنا سکی۔ کیمرون گرین 36 رنز کے ساتھ ٹاپ اسکورر رہے جبکہ زاویئر بارٹلے نے 34 رنز کی ناقابلِ شکست اننگز کھیلی۔ کپتان ٹریوس ہیڈ نے 23 رنز بنائے۔

پاکستانی بولنگ لائن اپ نے عمدہ کارکردگی دکھائی۔ ابرار احمد نے 4 اوورز میں صرف 10 رنز دے کر 2 اہم وکٹیں حاصل کیں۔ صائم ایوب نے بھی 2 کھلاڑیوں کو پویلین واپس بھیجا، جبکہ شاداب خان اور محمد نواز نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

اس میچ میں آسٹریلیا کی قیادت ٹریوس ہیڈ نے کی، جبکہ جوش انگلس، مچل مارش اور مارکس اسٹوائنس ٹیم کو دستیاب نہیں تھے۔ آسٹریلیا کی جانب سے ماہلی بئیرڈمین، جیک ایڈورڈز اور میتھیو رنشا نے ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل ڈیبیو کیا۔

پاکستان کی پلیئنگ الیون میں صائم ایوب، صاحبزادہ فرحان، سلمان علی آغا، بابر اعظم، فخر زمان، عثمان خان، شاداب خان، محمد نواز، شاہین شاہ آفریدی، سلمان مرزا اور ابرار احمد شامل تھے۔

واضح رہے کہ دونوں ٹیموں کے درمیان سیریز کے دوسرے اور تیسرے ٹی ٹوئنٹی میچز 31 جنوری اور یکم فروری کو کھیلے جائیں گے۔

جواب دیں

Back to top button