ٹائٹلعالمی امور

امریکی سائبر سیکیورٹی ایجنسی کے قائم مقام سربراہ پر حساس سرکاری دستاویزات چیٹ جی پی ٹی پر اپ لوڈ کرنے کا انکشاف

سیسا کی ترجمان کے مطابق ڈاکٹر گوتمکلا کو مخصوص اور عارضی بنیادوں پر چیٹ جی پی ٹی کے محدود استعمال کی اجازت دی گئی تھی،

امریکی سائبر سیکیورٹی ادارے کے قائم مقام سربراہ پر حساس دستاویزات چیٹ جی پی ٹی پر اپ لوڈ کرنے کا الزام

امریکی سائبر سیکیورٹی اینڈ انفراسٹرکچر سیکیورٹی ایجنسی (CISA) کے قائم مقام ڈائریکٹر ڈاکٹر مدھو گوتمکلا سے متعلق یہ انکشاف سامنے آیا ہے کہ انہوں نے حساس نوعیت کی سرکاری فائلیں عوامی مصنوعی ذہانت کے چیٹ بوٹ چیٹ جی پی ٹی پر اپ لوڈ کیں، جس پر سیکیورٹی حلقوں میں تشویش پائی جا رہی ہے۔

یہ معاملہ امریکی اخبار پولیٹیکو کی ایک رپورٹ کے ذریعے منظرِ عام پر آیا ہے۔ رپورٹ کے مطابق یہ اقدام ایسے وقت میں کیا گیا جب محکمہ ہوم لینڈ سیکیورٹی کے ملازمین کے لیے چیٹ جی پی ٹی جیسے اے آئی ٹولز کے استعمال پر پابندی عائد تھی۔

ذرائع کے مطابق اپ لوڈ کی گئی فائلز میں سیسا کے کنٹریکٹنگ اور انتظامی امور سے متعلق دستاویزات شامل تھیں، جن پر ’’صرف سرکاری استعمال‘‘ کی وضاحت درج تھی۔ اگرچہ یہ مواد خفیہ نہیں تھا، تاہم ادارہ جاتی پالیسی کے تحت اسے حساس معلومات کے زمرے میں رکھا جاتا ہے۔

رپورٹ میں مزید بتایا گیا ہے کہ گزشتہ برس اگست کے دوران سیسا کے داخلی سیکیورٹی سسٹمز نے ان اپ لوڈز کی نشاندہی کرتے ہوئے متعدد بار الرٹس جاری کیے، جس کے بعد ڈاکٹر مدھو گوتمکلا کے خلاف اندرونی تحقیقات کا آغاز کیا گیا۔ تاہم تاحال یہ واضح نہیں ہو سکا کہ اس انکوائری کے کیا نتائج سامنے آئے۔

سیسا کی ترجمان کے مطابق ڈاکٹر گوتمکلا کو مخصوص اور عارضی بنیادوں پر چیٹ جی پی ٹی کے محدود استعمال کی اجازت دی گئی تھی، جبکہ ادارہ مجموعی طور پر اس اے آئی پلیٹ فارم تک رسائی کو بدستور محدود رکھے ہوئے ہے۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق بھارتی نژاد ڈاکٹر مدھو گوتمکلا گزشتہ مئی سے سیسا کے قائم مقام سربراہ کے طور پر ذمہ داریاں انجام دے رہے ہیں۔ ان کے پاس انفارمیشن ٹیکنالوجی کے شعبے میں 24 برس سے زائد تجربہ اور متعدد اعلیٰ تعلیمی اسناد موجود ہیں، تاہم اس واقعے کو سرکاری حلقوں میں غیر محتاط طرزِ عمل قرار دیا جا رہا ہے۔

جواب دیں

Back to top button