
انڈر 19 ورلڈ کپ سپر سکس: پاکستان نے نیوزی لینڈ کو 8 وکٹوں سے بآسانی شکست دے دی
انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) انڈر 19 کرکٹ ورلڈ کپ کے سپر سکس مرحلے میں پاکستان انڈر 19 ٹیم نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے نیوزی لینڈ کو 8 وکٹوں سے شکست دے دی۔ یہ میچ ہرارے میں کھیلا گیا جہاں قومی نوجوان ٹیم نے یکطرفہ مقابلے میں اپنی برتری ثابت کی۔
میچ میں پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے بولنگ کرنے کا فیصلہ کیا، جو درست ثابت ہوا۔ پاکستانی بولرز نے آغاز ہی سے کیوی بیٹرز کو دباؤ میں رکھا اور پوری ٹیم کو 29 اوورز میں صرف 110 رنز پر ڈھیر کر دیا۔
نیوزی لینڈ کی جانب سے ہیوگو بوگیو 39 رنز کے ساتھ نمایاں رہے، تاہم دیگر کوئی بھی بیٹر زیادہ دیر وکٹ پر نہ ٹھہر سکا۔ پاکستان کی طرف سے عدال سبحان نے شاندار بولنگ کرتے ہوئے 4 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، جبکہ علی رضا نے 3 وکٹیں حاصل کیں۔ مومن قمر اور محمد صیام نے ایک، ایک وکٹ اپنے نام کی۔
211 رنز کے ہدف کے تعاقب میں پاکستانی بیٹرز نے جارحانہ اور پراعتماد بیٹنگ کی۔ قومی ٹیم نے صرف 18 اوورز میں 2 وکٹوں کے نقصان پر مطلوبہ ہدف حاصل کر لیا، یوں پاکستان نے میچ 197 گیندیں قبل ہی جیت لیا۔
پاکستان کی جانب سے سمیر منہاس نے شاندار اننگز کھیلی اور صرف 39 گیندوں پر اپنی نصف سنچری مکمل کی۔ وہ 59 گیندوں پر 76 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے اور ٹیم کی فتح میں مرکزی کردار ادا کیا۔
اس کامیابی کے ساتھ پاکستان نے سپر سکس مرحلے میں اپنی پوزیشن مزید مضبوط کر لی ہے اور سیمی فائنل کی جانب اہم قدم بڑھا دیا ہے۔ نوجوان کھلاڑیوں کی یہ کارکردگی پاکستان کرکٹ کے روشن مستقبل کی عکاسی کرتی ہے۔



