
آج سے منگل تک مختلف علاقوں میں بارش اور برفباری کا امکان، محکمہ موسمیات
محکمہ موسمیات نے پیش گوئی کی ہے کہ آج رات مغربی ہواؤں کا نیا سلسلہ ملک کے مغربی حصوں میں داخل ہوگا، جو پیر تک بالائی علاقوں میں اثر انداز رہے گا۔ اس موسمی نظام کے باعث کئی علاقوں میں بارش اور برفباری متوقع ہے۔
موسمیاتی حکام کے مطابق بلوچستان، خیبر پختونخوا، گلگت بلتستان، کشمیر، اسلام آباد، مری اور گلیات میں بارش جبکہ بلند پہاڑی علاقوں میں برف پڑنے کا امکان ہے، جس سے سردی کی شدت میں اضافہ ہوسکتا ہے۔
اسی دوران پنجاب کے مختلف شہروں بشمول لاہور اور ملتان میں بھی وقفے وقفے سے بارش ہونے کی توقع ہے، جس سے موسم خوشگوار ہونے کے ساتھ درجہ حرارت میں کمی واقع ہوسکتی ہے۔



