
آٹھ یورپی ممالک کا گرین لینڈ اور ڈنمارک کے حق میں مشترکہ بیان
یورپی ممالک کا گرین لینڈ اور ڈنمارک سے اظہارِ یکجہتی، مشترکہ بیان جاری
یورپ کے آٹھ ممالک نے گرین لینڈ اور ڈنمارک کی حمایت میں ایک متفقہ اعلامیہ جاری کرتے ہوئے آرکٹک خطے کی سلامتی کے لیے اپنے عزم کا اعادہ کیا ہے۔
خبر رساں ادارے کے مطابق اس مشترکہ بیان پر برطانیہ، فرانس، جرمنی، ڈنمارک، فن لینڈ، نیدرلینڈز، ناروے اور سوئیڈن نے دستخط کیے ہیں۔ اعلامیے میں واضح کیا گیا ہے کہ یہ ممالک ڈنمارک اور گرین لینڈ کے عوام کے ساتھ کھڑے ہیں اور ان کے مفادات کے تحفظ کو اہمیت دیتے ہیں۔
مشترکہ بیان میں کہا گیا ہے کہ نیٹو کے رکن ممالک ہونے کے ناطے آرکٹک خطے کے امن اور سلامتی کو برقرار رکھنا ان کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔ یورپی ممالک نے اس بات پر زور دیا کہ آرکٹک ریجن نہ صرف علاقائی بلکہ عالمی سطح پر بھی اسٹریٹجک اہمیت رکھتا ہے۔
اعلامیے میں مزید کہا گیا کہ ٹرانس اٹلانٹک شراکت داری کے تحت آرکٹک خطے کے تحفظ کے لیے قریبی تعاون جاری رکھا جائے گا۔ تاہم بیان میں ٹیرف سے متعلق دھمکیوں پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا گیا کہ ایسے اقدامات یورپ اور امریکا کے تعلقات کو نقصان پہنچا سکتے ہیں۔
یورپی ممالک نے خبردار کیا کہ تجارتی پابندیوں اور ٹیرف کی دھمکیاں باہمی تعلقات میں خطرناک حد تک بگاڑ پیدا کر سکتی ہیں، جو خطے کے استحکام کے لیے نقصان دہ ثابت ہو سکتا ہے۔



