
افواجِ پاکستان جدید جنگی حکمتِ عملی کے تحت ملٹی ڈومین آپریشنز کے لیے مکمل تیار
افواجِ پاکستان بدلتے ہوئے عالمی جنگی منظرنامے کے مطابق ملٹی ڈومین آپریشنز کی صلاحیتوں کو مزید مؤثر بنانے میں مصروف ہیں۔ اس جدید جنگی حکمتِ عملی کا مقصد دشمن کو بیک وقت مختلف محاذوں پر دباؤ میں لانا ہے۔
اس ضمن میں انٹر سروسز پبلک ریلیشنز (آئی ایس پی آر) کی جانب سے ایک خصوصی ویڈیو بھی جاری کی گئی ہے، جس میں افواجِ پاکستان کی جدید تربیت اور ہم آہنگ جنگی صلاحیتوں کو اجاگر کیا گیا ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ملٹی ڈومین آپریشنز میں فضائی، زمینی، سائبر اور الیکٹرانک وار فیئر کو یکجا کر کے دشمن کے خلاف مربوط کارروائیاں کی جاتی ہیں۔ اس حکمتِ عملی کے تحت دشمن کی دفاعی صلاحیت کو ہر محاذ پر کمزور کیا جاتا ہے۔
فضائی برتری، جدید کثیر المقاصد ڈرونز اور طویل فاصلے تک مار کرنے والے ہتھیاروں کے مؤثر استعمال سے دشمن کی نقل و حرکت کو محدود کر دیا جاتا ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ، شدید بمباری، سائبر حملوں اور انفارمیشن آپریشنز کے ذریعے دشمن کی فیصلہ سازی کی صلاحیت کو بھی مفلوج کیا جاتا ہے۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ یہ طریقہ کار مشترکہ جنگی نظام (Joint Warfare) کی بہترین مثال ہے، جس میں فضائی اور زمینی طاقت کے امتزاج سے دشمن کے دفاعی ڈھانچے کو مؤثر انداز میں نشانہ بنایا جاتا ہے۔
افواجِ پاکستان کی حالیہ مشقیں جدید ٹیکنالوجی، مؤثر فائر پاور اور غیر معمولی درستگی کی عکاس ہیں۔ یہ مشقیں نہ صرف افواج کی پیشہ ورانہ مہارت کو ظاہر کرتی ہیں بلکہ ملٹی ڈومین آپریشنز میں ان کی مکمل تیاری کا بھی واضح ثبوت ہیں۔



