ٹائٹلٹیکنالوجی

چین میں نوجوانوں کی تنہائی کی علامت بننے والی ایپ ’’کیا آپ زندہ ہیں؟‘‘

چین میں نوجوانوں کے درمیان بڑھتی ہوئی سماجی تنہائی کی ایک چونکا دینے والی مثال ایک موبائل ایپ کی غیر معمولی مقبولیت کی صورت میں سامنے آئی ہے۔ “Are You Dead” (کیا آپ زندہ ہیں؟) نامی یہ ایپ نہ صرف صارفین کی توجہ حاصل کر رہی ہے بلکہ چین کی سب سے زیادہ ڈاؤن لوڈ کی جانے والی پیڈ ایپ بھی بن چکی ہے۔

عالمی میڈیا رپورٹس کے مطابق اس ایپ کی قیمت 8 یوان (تقریباً 1.15 امریکی ڈالر) رکھی گئی ہے اور اس وقت یہ چینی ایپ اسٹورز میں ٹاپ پوزیشن پر موجود ہے۔

چار سال یا اس سے زائد عمر کے صارفین کے لیے موزوں یہ ایپ مئی میں ایک ٹیک اسٹارٹ اپ مون اسکیپ ٹیکنالوجیز کی جانب سے متعارف کروائی گئی تھی۔ ابتدا میں اس کی لانچ خاموشی سے ہوئی، تاہم حالیہ دنوں میں سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد اس کی مقبولیت میں تیزی سے اضافہ ہوا۔

ایپ کا طریقۂ استعمال نہایت سادہ رکھا گیا ہے۔ صارف کو ہر ایک یا دو دن کے وقفے سے ایپ میں موجود ایک بڑے بٹن کو دبانا ہوتا ہے، جس کا مقصد یہ ظاہر کرنا ہے کہ وہ محفوظ اور خیریت سے ہے۔

اگر مقررہ وقت تک صارف ایپ پر حاضری نہ دے تو سسٹم خودکار طور پر اس شخص کو الرٹ بھیج دیتا ہے جسے صارف نے بطور ایمرجنسی رابطہ منتخب کیا ہو، تاکہ کسی ممکنہ خطرے یا مسئلے کی بروقت نشاندہی ہو سکے۔

ماہرین کے مطابق اس ایپ کی مقبولیت چین میں نوجوانوں کو درپیش تنہائی، ذہنی دباؤ اور سماجی کٹاؤ جیسے مسائل کی عکاسی کرتی ہے، جو ایک سنجیدہ معاشرتی چیلنج بنتے جا رہے ہیں۔

تاہم، ایپ کے نام کو لے کر تنقید بھی سامنے آئی ہے۔ بعض صارفین اور مبصرین کے مطابق نام غیر ضروری طور پر سخت اور خوف پیدا کرنے والا ہے۔ اس پر ردِعمل دیتے ہوئے ڈویلپرز نے عندیہ دیا ہے کہ مستقبل میں ایپ کا نام تبدیل کیا جا سکتا ہے، جبکہ چین سے باہر اسے پہلے ہی نسبتاً نرم نام “Demumu” کے تحت متعارف کروایا جا رہا ہے۔

Related Articles

جواب دیں

Back to top button