ٹائٹلمشرقِ وسطیٰ

ایران اور عراق کے لیے زیارات کا نیا نظام نافذ

ایران اور عراق کے لیے زیارات کا نیا نظام نافذ، صرف رجسٹرڈ زائرین گروپ آرگنائزرز کے ذریعے ویزے جاری ہوں گے

ایران اور عراق نے زیارات کے لیے متعارف کرائے گئے نئے نظام پر عملدرآمد تیز کر دیا ہے۔ اس سلسلے میں وزارتِ مذہبی امور نے وزارتِ خارجہ کے ذریعے ایران اور عراق کے سفارتخانوں سے باضابطہ رابطہ قائم کر لیا ہے۔

ذرائع کے مطابق اب دونوں ممالک کے سفارتخانے صرف رجسٹرڈ زائرین گروپ آرگنائزرز (ZGO) کے ذریعے ہی زائرین کو ویزے جاری کریں گے۔ غیر مجاز ٹریول ایجنسیوں، کمپنیوں یا افراد کے ذریعے ویزوں کے اجرا کی اجازت نہیں ہوگی۔ اس اقدام کا مقصد زیارات کے عمل کو منظم، شفاف اور محفوظ بنانا ہے۔

وزارتِ مذہبی امور نے 174 منظور شدہ زائرین گروپ آرگنائزرز کی فہرست اپنی سرکاری ویب سائٹ پر جاری کر دی ہے تاکہ زائرین کو درست اور مستند معلومات فراہم کی جا سکیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ مزید زیڈ جی اوز کی رجسٹریشن کا عمل تیزی سے جاری ہے اور آئندہ دنوں میں رجسٹرڈ آرگنائزرز کی تعداد 300 سے تجاوز کرنے کا امکان ہے۔

وزارتِ مذہبی امور کے مطابق زائرین کو بہتر سہولیات کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے رجسٹرڈ گروپ آرگنائزرز کی کارکردگی کی باقاعدہ مانیٹرنگ بھی کی جائے گی۔ اس اقدام سے نہ صرف زائرین کو دھوکہ دہی سے بچایا جا سکے گا بلکہ زیارات کے دوران سہولیات اور انتظامات کے معیار کو بھی بہتر بنایا جا سکے گا۔

حکام کا کہنا ہے کہ زائرین کو چاہیے کہ وہ ویزا اور زیارات سے متعلق تمام معاملات صرف منظور شدہ اور رجسٹرڈ زائرین گروپ آرگنائزرز کے ذریعے ہی مکمل کریں تاکہ کسی بھی قسم کی قانونی یا انتظامی مشکلات سے بچا جا سکے۔

Related Articles

جواب دیں

Back to top button