
پنجاب حکومت نے شدید سردی اور موسم کی خرابی کے پیش نظر صوبے بھر کے تمام اسکولوں کی سردیوں کی چھٹیوں میں توسیع کر دی ہے۔ وزیر تعلیم پنجاب رانا سکندر حیات کے مطابق تعلیمی ادارے اب 12 جنوری کے بجائے 19 جنوری سے دوبارہ کھولے جائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ یہ فیصلہ طلبا کی صحت اور سلامتی کو مدنظر رکھتے ہوئے کیا گیا ہے، کیونکہ موجودہ موسم میں سردی کی شدت اور دھند کے باعث بچوں کو مشکلات کا سامنا ہو سکتا ہے۔
ترجمان محکمہ تعلیم پنجاب کا کہنا ہے کہ چھٹیوں میں توسیع کا فیصلہ وزیر تعلیم کے سوشل میڈیا پیج پر کیے گئے عوامی سروے کی روشنی میں کیا گیا۔ سروے میں عوام کی بڑی تعداد نے تعلیمی اداروں کو مزید ایک ہفتہ بند رکھنے کے حق میں رائے دی۔
ترجمان کے مطابق عوامی سروے میں تقریباً 87 فیصد افراد نے سردیوں کی چھٹیوں میں توسیع کی حمایت کی، جس کے بعد حکومت نے باضابطہ طور پر اسکول 19 جنوری تک بند رکھنے کا اعلان کیا۔
واضح رہے کہ پنجاب کے کئی علاقوں میں آج بھی شدید دھند کے باعث معمولاتِ زندگی متاثر ہیں، جبکہ حدِ نگاہ کم ہونے کی وجہ سے ٹریفک اور سفری نظام کو بھی مشکلات کا سامنا ہے۔
دوسری جانب محکمہ موسمیات نے بتایا ہے کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک کا کم ترین درجہ حرارت اسکردو میں منفی 12 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، جو سردی کی شدت کو ظاہر کرتا ہے۔
حکومتی حکام کے مطابق اگر موسم کی صورتحال مزید خراب ہوئی تو تعلیمی اداروں کے حوالے سے آئندہ بھی حالات کو دیکھتے ہوئے فیصلہ کیا جا سکتا ہے۔



