
خامنہ ای: فسادی عوامی املاک تباہ کر کے ٹرمپ کو خوش کرنا چاہتے ہیں
آیت اللہ خامنہ ای کا بیان: عوامی املاک کو نقصان پہنچانے والے کرائے کے عناصر ہیں ایرانی سپریم لیڈر نے ٹرمپ کو نشانے پر لے لیا
ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای نے ملک میں حالیہ بدامنی پر ردِعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ کچھ عناصر عوامی اور سرکاری املاک کو نقصان پہنچا کر بیرونی طاقتوں کو خوش کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو ایران پر تنقید کے بجائے اپنے ملک کے داخلی مسائل پر توجہ دینی چاہیے۔
ایران میں عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے آیت اللہ خامنہ ای نے شہریوں پر زور دیا کہ وہ اتحاد اور یکجہتی کو ہر حال میں برقرار رکھیں۔ ان کے مطابق قومی ہم آہنگی ہی ملک کو درپیش چیلنجز کا واحد حل ہے۔
سپریم لیڈر نے کہا کہ گزشتہ رات تہران سمیت مختلف شہروں میں ایک مخصوص گروہ نے اپنے ہی ملک کی عمارتوں اور تنصیبات کو نشانہ بنایا۔ انہوں نے واضح کیا کہ اسلامی جمہوریہ ایسے عناصر کو برداشت نہیں کرے گی جو کرائے کے فوجیوں کے طور پر ملک کے مفادات کو نقصان پہنچائیں۔
واضح رہے کہ اس بیان سے قبل امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا ایک متنازع بیان سامنے آیا تھا جس میں انہوں نے دعویٰ کیا تھا کہ انہیں دنیا کے کسی بھی ملک کے خلاف امریکی فوجی کارروائی یا جارحیت کا حکم دینے کا مکمل اختیار حاصل ہے۔
امریکی صدر نے اپنے بیان میں کہا تھا کہ بحیثیت کمانڈر اِن چیف وہ خود ہی اپنے اختیارات کی حد کا تعین کرتے ہیں، اور ان کے مطابق انہیں صرف ان کی ذاتی اخلاقیات اور فیصلہ سازی ہی روک سکتی ہے۔
سیاسی تجزیہ کاروں کے مطابق ایرانی سپریم لیڈر کے بیانات خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی اور امریکا و ایران کے درمیان جاری لفظی جنگ کی عکاسی کرتے ہیں۔



