ٹائٹلعالمی امور

جرمن صدر کی ٹرمپ پالیسیوں پر کڑی تنقید، امریکا پر عالمی نظام کو کمزور کرنے کا الزام

عالمی نظام کو طاقت کی سیاست سے خطرات امریکی پالیسیوں سے عالمی جمہوریت کو نقصان، جرمن صدر کا بیان

جرمن صدر کی ٹرمپ پالیسیوں پر سخت تنقید، امریکا پر عالمی نظام کو نقصان پہنچانے کا الزام

جرمنی کے صدر فرینک والٹر اسٹین مائر نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی پالیسیوں کو عالمی استحکام کے لیے خطرناک قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ امریکا کی خارجہ پالیسی موجودہ بین الاقوامی نظام کو کمزور کر رہی ہے۔

اپنے تازہ بیان میں جرمن صدر نے کہا کہ دنیا کو ایسے حالات کی طرف دھکیلا جا رہا ہے جہاں قانون کی بالادستی کی جگہ طاقت کا اصول حاوی ہو سکتا ہے۔ ان کے مطابق عالمی برادری کو اس رجحان کے خلاف کھڑا ہونا ہوگا تاکہ دنیا “لٹیروں کے اڈے” میں تبدیل نہ ہو جائے۔

فرینک والٹر اسٹین مائر نے کہا کہ روس کی جانب سے کرائمیا کے الحاق اور یوکرین پر حملے کے بعد اب امریکا کی حالیہ پالیسیوں نے بھی بین الاقوامی اقدار، عالمی قوانین اور جمہوری اصولوں کو سنگین خطرات سے دوچار کر دیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر عالمی قوانین اور بین الاقوامی اتحاد کو مضبوط نہ بنایا گیا تو طاقتور ریاستیں کمزور ممالک کو اپنی مرضی کے تابع کر لیں گی۔

دوسری جانب ایک حالیہ سروے میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ جرمن عوام کی بڑی تعداد اب امریکا کو پہلے کی طرح قابلِ اعتماد اتحادی نہیں سمجھتی، اور اس سوچ میں واضح اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔

واضح رہے کہ اس سے قبل امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک بیان میں کہا تھا کہ انہیں دنیا کے کسی بھی ملک کے خلاف امریکی فوجی کارروائی یا جارحیت کا حکم دینے کا مکمل اختیار حاصل ہے۔ انہوں نے کہا تھا کہ بحیثیت کمانڈر اِن چیف وہ خود ہی یہ طے کرتے ہیں کہ ان کے اختیارات کی حد کہاں تک ہے، اور انہیں صرف ان کی ذاتی اخلاقیات اور فیصلہ سازی ہی روک سکتی ہے۔

سیاسی تجزیہ کاروں کے مطابق جرمن صدر کا بیان یورپ اور امریکا کے درمیان بڑھتے ہوئے نظریاتی اور سفارتی اختلافات کی عکاسی کرتا ہے، جو عالمی سیاست پر گہرے اثرات مرتب کر سکتے ہیں۔

Related Articles

جواب دیں

Back to top button