
روسی صدر کی کارٹون سیریز میں قوم کو نئے سال کا پیغام، ویڈیو وائرل
یہ کارٹون خیالی گاؤں پروسٹوکواشینو پر مبنی ہے، جہاں صدر پیوٹن کی انٹری نے کہانی کو ایک منفرد رنگ دے دیا۔
روسی صدر ولادیمیر پیوٹن کی مقبول بچوں کے کارٹون میں انوکھی جھلک، نئے سال کا خصوصی پیغام
روسی صدر ولادیمیر پیوٹن نے ایک معروف روسی بچوں کے کارٹون میں غیر متوقع طور پر شرکت کرتے ہوئے نئے سال کے موقع پر قوم سے خصوصی پیغام دیا۔ کارٹون میں صدر پیوٹن کو ایک بولنے والی بلی اور کتے کے ساتھ دکھایا گیا، جس نے ناظرین خصوصاً بچوں کی توجہ حاصل کر لی۔
یہ کارٹون خیالی گاؤں پروسٹوکواشینو پر مبنی ہے، جہاں صدر پیوٹن کی انٹری نے کہانی کو ایک منفرد رنگ دے دیا۔ کارٹون کے کرداروں کے ساتھ روسی صدر کو دیکھ کر شائقین خاصے حیران اور خوش دکھائی دیے۔
ماسکو میں قائم پروسٹوکواشینو تھیم پارک میں بچوں کے ہمراہ آنے والے والدین نے بھی اس اقدام کو سراہا۔ ایک خاتون مرینا نے ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ اگر کارٹون کی دنیا میں سب کچھ ممکن ہے تو صدر پیوٹن کی شمولیت بھی ایک دلچسپ خیال ہے۔
ایک اور شہری کا کہنا تھا کہ چونکہ بچے صدر پیوٹن کو پہلے سے جانتے ہیں، اس لیے انہیں کارٹون میں دیکھنا ان کے لیے نہ صرف دلچسپ بلکہ یادگار بھی ہو سکتا ہے، جبکہ یہ تصور بین الاقوامی ناظرین کے لیے بھی کشش رکھتا ہے۔
روسی اینی میشن اسٹوڈیو سویوزملتفلم کی بورڈ چیئرپرسن یولیانا سلاشیوا کے مطابق صدر پیوٹن کو کارٹون کا حصہ بنانے کا فیصلہ گزشتہ برس کیا گیا تھا۔
انہوں نے بتایا کہ روس اپنے کارٹونز کو سابق کمیونسٹ ریاستوں اور مشرقِ وسطیٰ کے ممالک میں برآمد کرتا ہے، جبکہ چین میں روسی اینی میشن کی موجودگی بڑھانے کے لیے بھی یہ حکمتِ عملی اپنائی جا رہی ہے۔
یولیانا سلاشیوا کا کہنا تھا کہ پروسٹوکواشینو میں صدر پیوٹن کی شرکت کو ’’سافٹ پاور‘‘ کے طور پر استعمال کیا جائے گا، جس کا مقصد روسی ثقافت اور قومی تشخص کو عالمی سطح پر فروغ دینا ہے۔



