
ٹرمپ کا گرین لینڈ حاصل کرنے کا عزم، عسکری آپشن بھی زیر غور
نیٹو کے تحفظات کے باوجود ٹرمپ گرین لینڈ کے حصول کے خواہاں گرین لینڈ پر امریکی دلچسپی میں اضافہ، صدر ٹرمپ مختلف آپشنز پر غور کر رہے ہیں
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے گرین لینڈ کے حصول پر سنجیدہ غور، عسکری آپشن بھی زیرِ بحث
وائٹ ہاؤس ذرائع کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور ان کی حکومتی ٹیم گرین لینڈ کو امریکہ کے کنٹرول میں لانے کے مختلف امکانات پر غور کر رہی ہے، جن میں فوجی آپشن بھی شامل بتایا جا رہا ہے۔
صدر ٹرمپ پہلے ہی یہ مؤقف اختیار کر چکے ہیں کہ گرین لینڈ کا حصول امریکہ کی قومی سلامتی کے لیے انتہائی اہمیت رکھتا ہے۔ ایک سینئر امریکی اہلکار کے مطابق ٹرمپ موجودہ صدارتی مدت کے دوران ہی گرین لینڈ کو حاصل کرنے کے خواہاں ہیں اور اسی مقصد کے تحت ان کے مشیر مختلف سفارتی اور اسٹریٹجک راستوں کا جائزہ لے رہے ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ امریکی حکام کے زیرِ غور آپشنز میں ڈنمارک سے گرین لینڈ خریدنے کا امکان یا جزیرے کے ساتھ آزادانہ شراکت داری کا معاہدہ شامل ہے۔
دوسری جانب نیٹو حکام کا کہنا ہے کہ گرین لینڈ کے معاملے کو ابھی مکمل طور پر ختم نہیں سمجھا جا سکتا۔ اگرچہ عالمی رہنماؤں کی جانب سے تحفظات کا اظہار کیا گیا ہے، تاہم صدر ٹرمپ اب بھی اس خطے کے حصول کے لیے خاصے پُرعزم دکھائی دیتے ہیں۔



