پاکستانٹائٹل

لاہور یونیورسٹی میں طالبہ کی عمارت سے چھلانگ، حالت تشویشناک

اطلاع ملتے ہی نواب ٹاؤن پولیس موقع پر پہنچی اور واقعے کی تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے

لاہور کے علاقے نواب ٹاؤن میں رائے ونڈ روڈ پر واقع  یونیورسٹی آف لاہور میں زیرِ تعلیم طالبہ کے عمارت سے نیچے گرنے کا واقعہ پیش آیا ہے، جس کے بعد طالبہ کو تشویشناک حالت میں اسپتال منتقل کر دیا گیا۔

پولیس حکام کے مطابق 21 سالہ طالبہ نے یونیورسٹی کی عمارت کی دوسری منزل سے چھلانگ لگائی۔ اطلاع ملتے ہی نواب ٹاؤن پولیس موقع پر پہنچی اور واقعے کی تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ طالبہ ڈی فارم کی طالبہ ہے اور اس کا تعلق نارنگ منڈی، ضلع شیخوپورہ سے ہے۔ واقعے کے بعد یونیورسٹی انتظامیہ نے عارضی طور پر تعلیمی سرگرمیاں معطل کرتے ہوئے ادارہ بند کر دیا ہے۔

یاد رہے کہ چند روز قبل اسی یونیورسٹی میں اویس سلطان نامی طالب علم کی ہلاکت کا واقعہ بھی پیش آیا تھا، جس نے تعلیمی اداروں میں طلبہ کی ذہنی صحت سے متعلق خدشات کو مزید بڑھا دیا ہے۔

تعلیمی دباؤ اور طلبہ کی ذہنی صحت

پاکستان میں اعلیٰ تعلیمی اداروں میں زیرِ تعلیم طلبہ کو امتحانی دباؤ، تعلیمی مسابقت اور مستقبل سے جڑی بے یقینی کے باعث شدید ذہنی تناؤ کا سامنا رہتا ہے۔ ماضی میں بھی مختلف جامعات میں اس نوعیت کے افسوسناک واقعات رپورٹ ہو چکے ہیں۔

چند عرصہ قبل جامشورو میں واقع ایک میڈیکل یونیورسٹی کے طالب علم کی ہاسٹل میں ہلاکت کا واقعہ سامنے آیا تھا، جبکہ لاہور کے کنیئرڈ کالج میں ایک طالبہ کی عمارت سے گر کر جان جانے کا واقعہ بھی رپورٹ ہوا تھا۔ اسی طرح پنجاب یونیورسٹی میں بھی گزشتہ برسوں کے دوران طلبہ کی جان جانے کے متعدد واقعات پر طلبہ تنظیموں اور سماجی حلقوں نے سوالات اٹھائے تھے۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ تعلیمی اداروں میں طلبہ کی ذہنی صحت پر خصوصی توجہ، کونسلنگ سہولیات اور بروقت مدد ایسے واقعات کی روک تھام میں اہم کردار ادا کر سکتی ہے۔

Related Articles

جواب دیں

Back to top button