
محنت کش کی ایمانداری، شہری کے گمشدہ زیورات ملنے پر مالک کو پہنچا دیئے
لاہور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کے یونین کونسل 57 کے سپر وائزر محمد حسین ولد یامین نے دیانتداری اور امانت داری کی ایک روشن مثال قائم کر دی۔
تفصیلات کے مطابق حاجی شان نامی شہری اپنے قیمتی زیورات سونار کے پاس لے جا رہا تھا کہ راستے میں کسی مقام پر وہ زیورات گر گئے، جس کا انہیں فوری طور پر علم نہ ہو سکا۔
بعد ازاں صفائی کے دوران مذکورہ زیورات سپر وائزر محمد حسین ولد یامین کو ملے۔
محمد حسین ولد یامین نے انتہائی ذمہ داری اور ایمانداری کا مظاہرہ کرتے ہوئے زیورات کو اپنے پاس رکھنے کے بجائے اصل مالک تک پہنچانے کی کوشش کی اور بالآخر وہ زیورات بحفاظت حاجی شان کے حوالے کر دیے۔
شہریوں نے محمد حسین ولد یامین کے اس عمل کو سراہتے ہوئے کہا کہ ایسے ایماندار اور فرض شناس ملازمین معاشرے کے لیے قابلِ فخر ہیں۔
انہوں نے متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا کہ محمد حسین جیسے محنتی اور دیانتدار اہلکاروں کی حوصلہ افزائی کی جائے تاکہ معاشرے میں ایمانداری اور ذمہ داری کا رجحان مزید فروغ پائے۔







