
مشکل حالات میں عوام نہیں، حکمران قربانی دیں
توانائی بحران کے پیش نظر سادگی ناگزیر، قیادت کو مثال بننا ہوگا۔
امیر جماعت اسلامی لاہور ضیاء الدین انصاری ایڈووکیٹ نے موجودہ معاشی و توانائی بحران پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ مشکل حالات میں تمام تر بوجھ عام آدمی پر منتقل کرنے کی پالیسی ناقابلِ قبول ہے۔
انہوں نے مطالبہ کیا کہ حکومت فوری طور پر فری بجلی اور پٹرول جیسی مراعات کا خاتمہ کرے اور سرکاری اخراجات میں واضح کمی لانے کے لیے عملی اقدامات کرے۔
انہوں نے زور دیا کہ سرکاری اداروں میں 1300 سی سی سے زائد گاڑیوں کے استعمال پر پابندی عائد کی جائے اور چھوٹی گاڑیاں استعمال کی جائیں تاکہ قومی خزانے پر پڑنے والا غیر ضروری بوجھ کم کیا جا سکے۔
ان خیالات کا اظہار انہو ں نے مختلف تقاریب میں بڑھتی مہنگائی اور عوامی سطح کفائت شعاری کے نام پر بجا پابندوں کی کڑی تنقید کرتےہوئےکیا۔ امیر لاہور نے کہا کہ کفایت شعاری صرف عوام کے لیے نہیں بلکہ حکمرانوں کے لیے بھی یکساں ہونی چاہیے، اور اس حوالے سے قیادت کو خود مثال قائم کرنا ہوگی۔
انہوں نے ایران میں جنگ کے باعث پیدا ہونے والے توانائی بحران کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ایسے حالات میں ذمہ دار طرزِ حکمرانی اور وسائل کے محتاط استعمال کی ضرورت مزید بڑھ جاتی ہے۔
اگر حکمران خود سادگی اختیار کریں گے تو اس کے مثبت اثرات پورے معاشرے پر مرتب ہوں گے۔
آخر میں ضیاء الدین انصاری ایڈووکیٹ نے حکومت پر زور دیا کہ وہ عوامی مشکلات کو مدنظر رکھتے ہوئے پالیسیوں پر نظرِ ثانی کرے اور ایک منصفانہ معاشی نظام کی تشکیل کے لیے فوری اقدامات کرے، تاکہ ملک کو بحرانوں سے نکالا جا سکے اور عام شہری کو ریلیف فراہم کیا جا سکے۔







