
ایران: ممکنہ امریکی زمینی تصادم کے پیشِ نظر 10 لاکھ سے زائد فوجی متحرک
نوجوان رضاکاروں کی بڑی تعداد بھرتی مراکز کا رخ، ایرانی زمینی افواج کو جنگی تیاری مکمل قرار
ایران نے امریکا کے ساتھ ممکنہ زمینی تصادم کے خدشات کے پیش نظر 10 لاکھ سے زائد فوجیوں کو متحرک کرنے کا دعویٰ کیا ہے، جس سے خطے میں کشیدگی مزید بڑھ گئی ہے۔
ایرانی خبر رساں ادارے تسنیم کی رپورٹ کے مطابق بڑی تعداد میں نوجوان رضاکار بسیج، پاسدارانِ انقلاب اور ایرانی فوج کے مختلف بھرتی مراکز میں شمولیت اختیار کرنے کے لیے پہنچ رہے ہیں۔
رپورٹ میں فوجی ذرائع کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ ایران کی زمینی افواج کو منظم کر کے مکمل طور پر تیار کر لیا گیا ہے تاکہ کسی بھی ممکنہ صورتحال کا مؤثر جواب دیا جا سکے۔
ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ اگر امریکی افواج ایران میں داخل ہونے کی کوشش کرتی ہیں تو انہیں سخت ردعمل کا سامنا کرنا پڑے گا۔ ایران کی جانب سے اس اعلان کو دفاعی حکمت عملی کا حصہ قرار دیا جا رہا ہے۔
تجزیہ کاروں کے مطابق اس پیش رفت سے مشرق وسطیٰ میں سیکیورٹی صورتحال مزید پیچیدہ ہو سکتی ہے، جبکہ عالمی برادری کی نظریں اس معاملے پر مرکوز ہیں۔







