
بین المذاہب ہم آہنگی اور بھائی چارہ ہماری اجتماعی ذمہ داری ہے
اسلام محبت، امن اور انسانیت کی خدمت کا درس دیتا ہے، جو تمام مذاہب کی مشترکہ اقدار ہیں۔
امیرجماعت اسلامی لاہور ضیاء الدین انصاری ایڈووکیٹ نے کہا کہ بین المذاہب ہم آہنگی اور بھائی چارہ ہماری اجتماعی ذمہ داری ہے اور اس کے فروغ کے لیے ہر طبقے کو مثبت کردار ادا کرنا ہوگا۔ مذہبی ہم آہنگی اور قومی یکجہتی کے فروغ کے لیے معاشرت کے ہر فرد کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔ اسلام محبت، امن اور انسانیت کی خدمت کا درس دیتا ہے، جو تمام مذاہب کی مشترکہ اقدار ہیں۔ معاشرہ تبھی مضبوط اور خوشحال ہو سکتا ہے جب ہم سب امن، رواداری اور بھائی چارے کے اصولوں پر عمل کریں۔ مذہب ہمیں تقسیم نہیں کرتا، بلکہ سچائی، محبت اور انسانیت کی خدمت کا درس دیتا ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ریورنڈ ڈاکٹر مجید ایبل کی قیادت میں نولکھا چرچ آف پاکستان کے بین المذاہب عید ملن تقریب میں خطاب کے دوران کہی۔ امیر جماعت اسلامی لاہور نے تقریب میں ڈاکٹر مجید ایبل کی گزشتہ 25 سالہ خدمات کو خراج تحسین پیش کیا اور ان کی کاوشوں کو سراہا۔تقریب میں مرکزی نائب امیر جماعت اسلامی لیاقت بلوچ، امیر وسطی پنجاب جاوید قصوری، حافظ طاہر اشرفی چیئرمین پاکستان علماء کونسل، عامر نثار، سید نوبہار شاہ، مولانا عاشق حسین بخاری، منہاج القرآن کے حسین محی الدین، سینیٹر کامران مائیکل، جاوید خان سمیت دیگر مذہبی و سیاسی قائدین نے بھی خطاب کیا۔ اس موقع پر تمام شرکاء نے مذہبی رواداری، محبت اور قومی یکجہتی کے فروغ کے عزم کا اعادہ کیا۔







