
عالمی مارکیٹ میں پٹرول 32 فیصد سستا ہوا ، 55 روپے فوری واپس لیا جائے: امیر جماعت اسلامی لاہور
عالمی سطح پر پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں119 ڈالر سے گر کر 84 ڈالر فی بیرل پر آ چکی ہیں ۔
امیر جماعت اسلامی لاہور ضیاء الدین انصاری ایڈووکیٹ نے عالمی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمتوں میں نمایاں کمی کے باوجود ملک میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کو ظالمانہ اقدام قرار دیتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ حکومت حالیہ 55 روپے کا اضافہ فوری واپس لے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے سید مودودی اسلامک سنٹر میں تحریک محنت لاہور کے زیر اہتمام افطار ڈنر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ ضیاء الدین انصاری ایڈووکیٹ نے کہا کہ عالمی سطح پر پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں 119 ڈالر سے گر کر 84 ڈالر فی بیرل پر آ چکی ہیں، جو کہ مجموعی طور پر 32 فیصد کمی بنتی ہے۔
انہوں نے افسوس کا اظہار کیا کہ اس بڑی کمی کے ثمرات عوام تک منتقل کرنے کے بجائے حکومت نے عوام پر 55 روپے کا ‘پیٹرول بم’ گرا کر غریب دشمنی کا ثبوت دیا ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ جس تیزی سے قیمتیں بڑھائی جاتی ہیں، اسی رفتار سے عالمی کمی کا فائدہ عوام کو پہنچا کر اضافی بوجھ ختم کیا جائے۔
امیر لاہور نے مزید کہا کہ یہ انتہائی لمحہ فکریہ ہے کہ دنیا کے وہ ممالک جو اس وقت جنگی صورتحال سے دوچار ہیں، وہاں بھی پیٹرول سستا ہے، جبکہ پاکستان میں عوام کو خطے کا مہنگا ترین پیٹرول دیا جا رہا ہے جو کسی صورت قابل قبول نہیں۔
انہوں نے حکومتی دعوؤں پر تنقید کرتے ہوئے یاد دلایا کہ حکومت نے خود اعتراف کیا تھا کہ ملک میں28 دن کا پیٹرول اسٹاک موجود ہے، اس کے باوجود عالمی قیمتوں کا بہانہ بنا کر عوام پر بوجھ ڈالنا صریحاً بدنیتی ہے۔انہوں نے کہا کہ ماہِ رمضان میں عوام کو ریلیف دینے کے بجائے مہنگائی کے کوڑے مارے جا رہے ہیں، جس سے عید سے قبل ہی اشیاءِ خوردونوش اور ٹرانسپورٹ کے کرایوں میں ہوشربا اضافہ ہو چکا ہے اور غریب عوام خون کے آنسو رونے پر مجبور ہیں۔
ضیاء الدین انصاری نے مطالبہ کیا کہ حکمران اگر واقعی عوام کو ریلیف دینا چاہتے ہیں تو اپنے شاہانہ اخراجات کم کریں۔ انہوں نے کہا کہ ایک طرف عوام کا خون نچوڑا جا رہا ہے اور دوسری طرف پنجاب حکومت کے لیے11 ارب روپے کا نیا جہاز خریدا گیا، جو عوامی زخموں پر نمک پاشی کے مترادف ہے۔انہوں نے حکومت کو متنبہ کیا کہ اگر 55 روپے کا حالیہ اضافہ فوری واپس نہ لیا گیا تو عوام کا پیمانہ صبر لبریز ہو جائے گا اور جماعت اسلامی اس ناانصافی کے خلاف ہر سطح پر بھرپور آواز بلند کرے گی۔







