ٹائٹلمشرقِ وسطیٰ

آبنائے ہرمز اور خلیج عمان میں تین بحری جہازوں پر حملے، عالمی منڈی میں تیل کی قیمتیں بڑھ گئیں

تھائی لینڈ، جاپان اور مارشل آئی لینڈ کے پرچم بردار جہاز میزائل یا پروجیکٹائل حملوں کی زد میں آئے، عملہ محفوظ جبکہ جہازوں میں لگنے والی آگ پر قابو پا لیا گیا۔

آبنائے ہرمز اور خلیج عمان کے قریب تین تجارتی بحری جہازوں پر حملوں کی اطلاعات سامنے آئی ہیں، جس کے بعد عالمی سطح پر خام تیل کی ترسیل کے حوالے سے خدشات پیدا ہوگئے ہیں۔

میری ٹائم سیکیورٹی ایجنسی کے مطابق حملوں میں تھائی لینڈ، جاپان اور مارشل آئی لینڈ کے پرچم بردار جہازوں کو میزائل یا پروجیکٹائل سے نشانہ بنایا گیا۔

رپورٹس کے مطابق ایک جہاز کو آبنائے ہرمز میں دبئی کے قریب نشانہ بنایا گیا، جبکہ دوسرا جہاز عمان کے ساحل سے تقریباً 11 ناٹیکل میل دور حملے کی زد میں آیا۔

حملوں کے نتیجے میں جہازوں میں آگ بھڑک اٹھی تاہم بعد ازاں آگ پر قابو پا لیا گیا۔ حکام کے مطابق واقعے میں جہازوں کے عملے کو کوئی جانی نقصان نہیں پہنچا۔

اس واقعے سے قبل امریکی سینٹرل کمانڈ نے دعویٰ کیا تھا کہ آبنائے ہرمز کے قریب بارودی سرنگیں بچھانے والی 16 ایرانی کشتیوں کو تباہ کر دیا گیا ہے۔

ان حملوں کے بعد عالمی مارکیٹ میں خام تیل کی سپلائی متاثر ہونے کے خدشات کے باعث تیل کی قیمتوں میں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔

دوسری جانب ایران کی پاسدارانِ انقلاب فورس نے دعویٰ کیا ہے کہ اس نے خلیج میں موجود امریکی فوجی اڈوں کو میزائل اور ڈرون حملوں سے نشانہ بنایا ہے، جس کے نتیجے میں تقریباً 100 امریکی فوجیوں کے زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں۔

عرب میڈیا رپورٹس کے مطابق ایران کا کہنا ہے کہ کویت میں موجود امریکی فوجی تنصیبات، جن میں العدیری ہیلی کاپٹر بیس، محمد الاحمد نیول بیس اور علی السالم ایئر بیس شامل ہیں، کو بھی نشانہ بنایا گیا۔

جواب دیں

Back to top button