
ایرانی پاسداران انقلاب کی وارننگ: حملے جاری رہے تو خطے میں تمام امریکی اڈے نشانے پر ہوں گے
خاتم الانبیا ہیڈکوارٹرز کا کہنا ہے کہ پڑوسی ممالک کے خلاف کوئی جارحیت نہیں کی گئی، ایران خطے میں ممالک کی خودمختاری کا احترام کرتا ہے
ایرانی پاسدارانِ انقلاب کے خاتم الانبیا ہیڈکوارٹرز نے خبردار کیا ہے کہ اگر ایران کے خلاف فوجی کارروائیاں جاری رہیں تو خطے میں موجود امریکی فوجی اڈے اور امریکی مفادات ممکنہ اہداف بن سکتے ہیں۔
اس حوالے سے جاری کیے گئے بیان میں کہا گیا ہے کہ ایران نے اب تک کسی بھی پڑوسی ملک کے خلاف جارحانہ کارروائی نہیں کی اور علاقائی ممالک کی خودمختاری اور مفادات کا احترام کیا جا رہا ہے۔
بیان کے مطابق یہ مؤقف ایرانی صدر کے حالیہ اعلان کی پیروی میں اختیار کیا گیا ہے، جس میں خطے کے ممالک کے ساتھ کشیدگی کم رکھنے اور ان کے مفادات کا احترام کرنے پر زور دیا گیا تھا۔
پاسدارانِ انقلاب کے مطابق اگر ایران پر حملے جاری رہے تو خشکی، سمندر اور فضا میں موجود امریکی اور صہیونی فوجی تنصیبات کو نشانہ بنایا جا سکتا ہے۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ خطے میں موجود امریکی اور اسرائیلی مفادات کو ایرانی افواج کے لیے بنیادی اہداف تصور کیا جائے گا اور ضرورت پڑنے پر ان کے خلاف شدید اور تباہ کن کارروائیاں کی جا سکتی ہیں۔
عرب میڈیا رپورٹس کے مطابق ایرانی صدر کے حالیہ بیان کے بعد مسلح افواج کی جانب سے یہ اعلان سرکاری میڈیا کے ذریعے نشر کیا گیا، جس میں ایران کی دفاعی حکمت عملی اور ردعمل کے ممکنہ اقدامات کا ذکر کیا گیا ہے۔







