ٹائٹلمشرقِ وسطیٰ

ایران کا امریکی اور اسرائیلی ایم کیو-9 سمیت متعدد ڈرون تباہ کرنے کا اعلان

ایرانی حکام کے مطابق حالیہ کشیدگی کے دوران 75 سے زائد ڈرونز مار گرائے گئے، اسرائیل نے ایرانی میزائل لانچرز اور دفاعی نظام تباہ کرنے کا دعویٰ کیا۔

ایران نے دعویٰ کیا ہے کہ اس کے فضائی دفاعی نظام نے ملک کے مختلف علاقوں میں امریکی اور اسرائیلی ڈرونز کو نشانہ بنا کر تباہ کر دیا ہے۔ ایرانی حکام کے مطابق حالیہ کشیدگی کے دوران درجنوں ڈرونز مار گرائے جا چکے ہیں۔

ایرانی میڈیا کے مطابق صوبہ لورستان میں ایک امریکی MQ-9 ریپر ڈرون کو تباہ کیا گیا، جبکہ تہران کے نواحی علاقے میں ایک اور ڈرون کو نشانہ بنایا گیا جسے بعض رپورٹس میں ہرمس ڈرون قرار دیا جا رہا ہے۔ ایران کی جانب سے ان دعوؤں کے ساتھ مبینہ تصاویر بھی جاری کی گئی ہیں۔

ایران نے خبردار کیا ہے کہ آنے والے دنوں میں اس کی جوابی فوجی کارروائیاں مزید تیز اور وسیع ہو سکتی ہیں۔ ایرانی حکام کا کہنا ہے کہ ملک بھر میں فعال فضائی دفاعی نظام امریکی اور اسرائیلی طیاروں اور ڈرونز کا مقابلہ کر رہا ہے۔

ادھر ایرانی پاسدارانِ انقلاب نے دعویٰ کیا ہے کہ اصفہان میں اسرائیلی ہیرون ڈرون کو بھی مار گرایا گیا۔ ایران کا کہنا ہے کہ گزشتہ ہفتے شروع ہونے والی امریکی اور اسرائیلی کارروائیوں کے بعد سے اب تک ایرانی مسلح افواج 75 سے زائد ڈرونز تباہ کر چکی ہیں۔

دوسری جانب ایرانی میڈیا رپورٹس کے مطابق شیراز میں امریکا اور اسرائیل کے حملوں کے نتیجے میں 20 افراد جاں بحق ہو گئے۔ بتایا گیا ہے کہ حملہ شہر کے ایک رہائشی علاقے پر کیا گیا۔

اس کے برعکس اسرائیلی فوج نے دعویٰ کیا ہے کہ اس نے رات بھر کی کارروائیوں میں ایران کے 6 بیلسٹک میزائل لانچرز تباہ کر دیے ہیں۔ اسرائیلی حکام کے مطابق حالیہ حملوں کے دوران ایران کے 3 جدید دفاعی نظام بھی نشانہ بنائے گئے ہیں۔

جواب دیں

Back to top button