
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق سرحدی جھڑپوں کے بعد مبینہ طور پر افغان جانب سے فائر کیے گئے مارٹر گولے باجوڑ کے علاقے لغڑئی اور اس کے نواحی دیہات میں گرے، جس کے نتیجے میں کئی شہری زخمی ہو گئے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ گولہ باری کے باعث کم از کم پانچ افراد زخمی ہوئے، جن میں تین خواتین بھی شامل ہیں۔ واقعے کے بعد زخمیوں کو فوری طور پر خار اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں انہیں طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔
عوامی ردعمل اور سیکیورٹی صورتحال
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق سرحد پار حملوں پر مقامی آبادی میں شدید تشویش اور اشتعال پایا جاتا ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ شہری علاقوں کو نشانہ بنانا قابل مذمت عمل ہے۔
دوسری جانب پاک فوج اور دیگر سیکیورٹی فورسز کی جانب سے سرحدی جارحیت کا مؤثر اور فوری جواب دینے کا سلسلہ جاری ہے۔ حکام کے مطابق افواج کسی بھی قسم کی دراندازی یا حملے کے خلاف مکمل طور پر تیار اور الرٹ ہیں۔







