پاکستانٹائٹل

خیبر پختونخوا اور بلوچستان میں سیکیورٹی فورسز کی بڑی کارروائیاں، 34 دہشتگرد ہلاک

ژوب، شمالی وزیرستان، بنوں اور لکی مروت میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز؛ سرحد پار دراندازی کی کوشش بھی ناکام بنا دی گئی

خیبر پختونخوا اور بلوچستان کے مختلف اضلاع میں سیکیورٹی فورسز نے حالیہ دنوں متعدد کارروائیاں کرتے ہوئے مجموعی طور پر 34 دہشتگردوں کو ہلاک کر دیا۔ کارروائیاں خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر کی گئیں جن کا مقصد شدت پسند عناصر کا خاتمہ تھا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ انٹر سروسز پبلک ریلیشنز (آئی ایس پی آر) کے مطابق بلوچستان کے ضلع سبمبازہ ژوب میں جھڑپ کے دوران فتنہ الہندوستان سے تعلق رکھنے والے 8 دہشتگرد مارے گئے۔

بیان میں مزید کہا گیا کہ حسن خیل، شمالی وزیرستان کے قریب سرحد پار سے دراندازی کی کوشش کو بروقت کارروائی کے ذریعے ناکام بنایا گیا، جس کے نتیجے میں ایک دہشتگرد ہلاک ہوا۔ سیکیورٹی ذرائع کے مطابق ہلاک ہونے والے شخص کی شناخت افغان شہری کے طور پر ہوئی۔

ضلع لکی مروت میں خفیہ اطلاع پر کیے گئے انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے دوران 3 دہشتگرد مارے گئے۔ اسی طرح بنوں کے علاقے نرمی خیل میں دو مختلف جھڑپوں کے دوران 10 شدت پسند ہلاک ہوئے۔

مزید برآں میر علی، شمالی وزیرستان میں کارروائی کے دوران 12 دہشتگردوں کو ہلاک کیا گیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے حالیہ عرصے میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز میں تیزی لائی ہے اور بھارتی پراکسی گروپس فتنہ الخوارج اور فتنہ الہندوستان کے خاتمے کے لیے کارروائیاں جاری ہیں۔

حکام کا کہنا ہے کہ ملک میں امن و استحکام کو یقینی بنانے کے لیے دہشتگردی کے خلاف آپریشنز بلا تعطل جاری رہیں گے۔

جواب دیں

Back to top button