ٹائٹلعالمی امور

جماعت اسلامی بنگلادیش کی جانب سے طارق رحمان کو وزیراعظم نامزد ہونے پر مبارکباد

جماعت اسلامی بنگلادیش کے امیر ڈاکٹر شفیق الرحمان کا کہنا ہے کہ طارق رحمان سے ملاقات قومی سیاست میں مثبت پیش رفت ہے، حکومت سے قومی مفاد پر تعاون کیا جائے گا۔

بنگلادیش کی سیاست سے متعلق اہم پیش رفت میں جماعت اسلامی بنگلادیش کے امیر ڈاکٹر شفیق الرحمان نے طارق رحمان کو وزیراعظم کے عہدے کے لیے نامزد ہونے پر مبارکباد پیش کی ہے۔

ڈھاکا میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر شفیق الرحمان نے کہا کہ طارق رحمان سے حالیہ ملاقات قومی سیاسی عمل میں ایک مثبت پیش رفت ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ملک کو ایک خودمختار، جمہوری اور انصاف پر مبنی ریاست بنانے کے لیے مشترکہ کوششیں ناگزیر ہیں۔

انہوں نے اقلیتوں کے حقوق اور تحفظ کے حوالے سے حکومتی یقین دہانی کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ جماعت اسلامی قومی مفاد کے اہم معاملات پر حکومت کے ساتھ تعمیری تعاون جاری رکھے گی۔

امیر جماعت اسلامی نے مزید کہا کہ ان کی جماعت ایک مضبوط، بااصول اور ذمہ دار اپوزیشن کا کردار بھی ادا کرے گی۔ ان کے مطابق جہاں حکومت عوامی فلاح و بہبود کے اقدامات کرے گی وہاں حمایت کی جائے گی، جبکہ عوامی مفاد کے خلاف پالیسیوں پر موثر آواز اٹھائی جائے گی۔

ڈاکٹر شفیق الرحمان نے اس بات پر زور دیا کہ ملک کو ایک مستحکم، بااعتماد اور فعال پارلیمنٹ کی ضرورت ہے تاکہ جمہوری نظام مضبوط ہو اور عوامی توقعات پوری کی جا سکیں۔

جواب دیں

Back to top button