
لاہور میں بسنت کی تقریبات: امریکی ناظم الامور نیٹلی بیکر کی شرکت، ثقافت سے بھرپور جشن
امریکی سفارتی وفد نے مریم اورنگزیب کے ہمراہ پتنگ اڑائی، لاہوری کھانوں اور مہمان نوازی کو سراہا
لاہور میں بسنت کی رنگا رنگ تقریبات، امریکی ناظم الامور نیٹلی بیکر کی بھی شرکت
پاکستان میں امریکی ناظم الامور نیٹلی بیکر نے لاہور میں منعقد ہونے والی بسنت کی تقریبات میں شرکت کی اور بسنت کی مناسبت سے روایتی لباس بھی زیب تن کیا۔ اس موقع پر امریکی سفارتی وفد نے پنجاب کی ثقافت اور روایات سے بھرپور انداز میں لطف اٹھایا۔
بسنت کی تقریبات میں سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب اور عظمیٰ بخاری بھی امریکی وفد کے ہمراہ موجود تھیں۔ مریم اورنگزیب نے امریکی سفارتکاروں کو روایتی پتنگ بازی سے متعارف کرایا اور انہیں پتنگ اڑانے کا عملی طریقہ بھی سکھایا۔ اس کے ساتھ ساتھ بسنت کے موقع پر کی گئی سجاوٹ اور انتظامات سے بھی آگاہ کیا گیا۔
تقریبات کے دوران امریکی سفیر، قونصل جنرل اور انڈر سیکریٹری نے پتنگ اڑائی جبکہ وفد نے لاہوری کھانوں، مقامی ثقافت، تاریخی ورثے اور پاکستانی مہمان نوازی کو بے حد سراہا۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے مریم اورنگزیب نے کہا کہ ثقافتی سرگرمیاں مختلف اقوام کو قریب لانے کا مؤثر ذریعہ ہوتی ہیں اور پاکستان اپنی روایات کے ذریعے دوستی اور امن کا پیغام دنیا تک پہنچاتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ بسنت جیسے تہوار پاکستان کی مثبت، پُرامن اور ثقافتی شناخت کو نمایاں کرتے ہیں۔
مریم اورنگزیب نے مزید بتایا کہ امریکی سفارتی وفد کے ساتھ غیر رسمی اور خوشگوار ماحول میں دوستانہ تبادلہ خیال ہوا، ایسے مواقع باہمی اعتماد کو مضبوط بنانے اور دوطرفہ تعلقات کو فروغ دینے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ ان کے مطابق پاکستان اپنی ثقافت، مہمان نوازی اور امن کے پیغام کے ساتھ عالمی برادری سے جڑا ہوا ہے۔






