آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2026: نیوزی لینڈ نے افغانستان کو 5 وکٹوں سے شکست دے دی
انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2026 کے چوتھے میچ میں نیوزی لینڈ نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے افغانستان کو 5 وکٹوں سے باآسانی ہرا دیا۔
یہ میچ بھارت کے شہر چنئی میں کھیلا گیا، جہاں افغانستان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ افغان اوپنرز ابراہیم زدران اور رحمان اللہ گرباز نے اننگز کا آغاز کیا۔
افغانستان کی ٹیم نے مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 182 رنز اسکور کیے اور نیوزی لینڈ کو جیت کے لیے 183 رنز کا ہدف دیا۔ افغان بیٹنگ لائن میں گلبدین نائب نے شاندار 63 رنز بنائے جبکہ صدیق اللہ نے 29 رنز کے ساتھ اہم کردار ادا کیا۔ نیوزی لینڈ کی جانب سے لوکی فرگوسن نے دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
جواب میں نیوزی لینڈ نے ہدف کا تعاقب پُراعتماد انداز میں کیا اور 17.5 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر مطلوبہ اسکور حاصل کر لیا۔ اوپنر ٹم سیفرٹ 65 رنز کے ساتھ نمایاں رہے جبکہ گلین فلپس نے 42 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی۔ ڈیرل مچل نے 25 اور مچل سینٹنر نے 17 رنز بنا کر ناقابلِ شکست اننگز کھیلی۔
واضح رہے کہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2026 کے افتتاحی دن مجموعی طور پر تین میچز کھیلے گئے تھے، جن میں پاکستان نے نیدر لینڈز کو، ویسٹ انڈیز نے اسکاٹ لینڈ کو جبکہ میزبان بھارت نے امریکا کو شکست دی۔
یاد رہے کہ آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2026 میں 20 ٹیمیں شریک ہیں جنہیں 4 مختلف گروپس میں تقسیم کیا گیا ہے۔







