
اسلام آباد مسجد دھماکہ: محسن نقوی کا دہشت گردوں کے خلاف سخت کارروائی کا اعلان
وفاقی وزیرِ داخلہ کا کہنا ہے کہ پاکستان میں دہشت گردی کو بیرونی سرپرستی حاصل ہے، دشمن عناصر امن و اتحاد کو نقصان پہنچانا چاہتے ہیں
وفاقی وزیرِ داخلہ محسن نقوی کا دہشت گردی پر سخت مؤقف
وفاقی وزیرِ داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ پاکستان میں دہشت گردی کی کارروائیوں میں ملوث عناصر کو بیرونی سرپرستی حاصل ہے، تاہم ریاست ایسے تمام عناصر کے خلاف بھرپور کارروائی کرے گی۔
یہ بات انہوں نے وزیرِ مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری کے ہمراہ اسلام آباد کی مسجد خدیجۃ الکبریٰ کے دورے کے دوران کہی، جہاں انہوں نے مغرب کی نماز ادا کی۔ اس موقع پر وفاقی وزیرِ داخلہ نے خودکش حملے کی جگہ کا معائنہ کیا اور سیکیورٹی صورتحال پر بریفنگ بھی لی۔
محسن نقوی کا کہنا تھا کہ مساجد اور بے گناہ نمازیوں کو نشانہ بنانے والے انسانیت کے دشمن ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ اس بزدلانہ حملے میں ملوث دہشت گردوں کو جلد قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔
وفاقی وزیرِ داخلہ نے مزید کہا کہ دشمن قوتیں پاکستان کے امن، اتحاد اور ترقی کو سبوتاژ کرنا چاہتی ہیں، لیکن پوری قوم دہشت گردی کے خلاف متحد ہے اور ایسی سازشیں ناکام بنائی جائیں گی۔
وزیرِ مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری نے اس موقع پر بتایا کہ شہداء میں آئی جی اسلام آباد کے قریبی رشتہ دار بھی شامل ہیں۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ ملک میں دہشت گردی کے واقعات میں ہمسایہ ملک کے ملوث ہونے کے شواہد موجود ہیں، جو پہلے بھی سامنے لائے جا چکے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ دہشت گرد آسان اہداف کو نشانہ بنا رہے ہیں، تاہم سیکیورٹی ادارے مکمل طور پر الرٹ ہیں۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز اسلام آباد میں مسجد اور امام بارگاہ کے اندر ہونے والے خودکش دھماکے کے نتیجے میں 32 افراد شہید جبکہ 170 سے زائد زخمی ہو گئے تھے۔ حملہ آور نے نمازِ جمعہ کے دوران مسجد میں داخل ہونے سے روکے جانے پر خود کو داخلی دروازے پر دھماکے سے اڑا لیا تھا۔






