پاکستانٹائٹل

اسلام آباد کی امام بارگاہ میں دھماکے سے ہلاکتوں کی تعداد 31 ہو گئی، 169 افراد زخمی

امام بارگاہ خدیجۃ الکبری کے صحن میں ہونے والے دھماکے کے بعد شہر میں ایمرجنسی نافذ، زخمیوں کو پمز اور پولی کلینک منتقل کر دیا گیا

اسلام آباد: ترلائی میں امام بارگاہ میں دھماکہ، متعدد افراد زخمی

اسلام آباد انتظامیہ نے تصدیق کی ہے کہ ترلائی کی امام بارگاہ میں ہونے والے دھماکے میں اموات کی تعداد 31 ہو گئی ہے جبکہ 169 زخمی ہو گئے ہیں۔

ترجمان اسلام آباد انتظامیہ کے مطابق دھماکے کے بعد 169 افراد زخمی بھی ہوئے ہیں، جنھیں اسلام آباد کے مختلف ہسپتالوں میں منتقل کیا گیا ہے۔

دھماکے کے فوری بعد اسلام آباد میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے۔

پولیس حکام کے مطابق دھماکہ امام بارگاہ کے صحن میں ہوا، جس کے فوراً بعد سیکیورٹی ادارے اور ریسکیو ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں۔ ریسکیو 1122 نے زخمیوں کو فوری طور پر قریبی ہسپتالوں میں منتقل کرنا شروع کر دیا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ دھماکہ ترلائی کی امام بارگاہ خدیجۃ الکبری میں پیش آیا، جس کے بعد شہر بھر میں ہنگامی صورتحال نافذ کر دی گئی۔ آئی جی اسلام آباد کی ہدایت پر سیکیورٹی اقدامات مزید سخت کر دیے گئے ہیں۔

وزیر داخلہ محسن نقوی کی ہدایت پر وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری پمز ہسپتال پہنچے، جہاں انہوں نے زخمیوں کی عیادت کی اور انتظامیہ کو علاج معالجے کی بہترین سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت کی۔

پمز ہسپتال کے ترجمان کے مطابق ایمرجنسی نافذ کرتے ہوئے مین ایمرجنسی، آرتھوپیڈک، برن سینٹر اور نیورو ڈیپارٹمنٹ کو مکمل طور پر فعال کر دیا گیا ہے۔ زخمیوں کو پمز اور پولی کلینک ہسپتال منتقل کیا جا رہا ہے جہاں ان کا علاج جاری ہے۔

حکام کے مطابق واقعے کی تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں جبکہ علاقے کو سیکیورٹی حصار میں لے لیا گیا ہے۔

جواب دیں

Back to top button