
لاہور میں بسنت کے دوران افسوسناک واقعات، ایک نوجوان جاں بحق، متعدد افراد زخمی
لاہور میں بسنت کی تقریبات کے دوران مختلف علاقوں میں پیش آنے والے حادثات میں ایک نوجوان جان کی بازی ہار گیا جبکہ کم از کم پانچ افراد زخمی ہو گئے۔
باغبانپورہ کے علاقے میں سکھ نہر کے قریب پتنگ لوٹنے کے دوران ایک افسوسناک حادثہ پیش آیا جہاں بجلی کا کرنٹ لگنے سے 25 سالہ علی رشید موقع پر ہی جاں بحق ہو گیا۔ ریسکیو حکام کے مطابق نوجوان کٹی ہوئی پتنگ اتارنے کے لیے بجلی کے کھمبے پر چڑھا تھا کہ اچانک کرنٹ کی لپیٹ میں آ گیا۔
ریسکیو ذرائع کا کہنا ہے کہ ڈیفنس فیز فائیو میں پتنگ کی ڈور گردن میں الجھنے سے رافع نامی نوجوان زخمی ہو گیا۔ اسی طرح گلشن راوی میں پتنگ کی ڈور کے باعث 8 سالہ ارسا اور 45 سالہ شبیر بھی زخمی ہوئے۔
مزید واقعات میں لوئر مال کے علاقے میں 12 سالہ عبدالواحد پتنگ لوٹتے ہوئے زخمی ہوا، جبکہ گلشن راوی ہی میں 14 سالہ سلمان درخت سے پتنگ اتارتے ہوئے نیچے گرنے سے زخمی ہو گیا۔
واضح رہے کہ لاہور میں بسنت فیسٹیول کا باقاعدہ آغاز ہو چکا ہے۔ پنجاب کی وزیر اطلاعات عظمیٰ بخاری نے رات 12 بجے پتنگ اڑا کر بسنت فیسٹیول کا افتتاح کیا۔







