
کشمیر جلد آزادی کی نئی صبح دیکھے گا، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر
چیف آف ڈیفنس فورسز اور سربراہ پاک فوج فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ کشمیر کی آزادی اہلِ کشمیر کی اجتماعی خواہش اور ان کا مقدر ہے، اور وہ دن دور نہیں جب یہ خطہ آزادی کی نئی صبح کا مشاہدہ کرے گا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے مظفرآباد کا دورہ کیا جہاں انہوں نے جموں و کشمیر یادگارِ شہداء پر حاضری دی، پھول رکھے اور شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ فیلڈ مارشل نے تحریکِ کشمیر کے شہداء کی جرأت، قربانیوں اور عزم کو سراہا۔ اس موقع پر انہوں نے ممتاز شخصیات اور سابق فوجی افسران سے ملاقات کے دوران مقبوضہ کشمیر کے عوام کے ساتھ غیر متزلزل یکجہتی کا اعادہ کیا۔
فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہا کہ بھارت کی ریاستی جارحیت، جبر اور انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں کشمیری عوام کے حوصلے پست نہیں کر سکیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ہندوتوا نظریے پر مبنی پالیسیوں کے باوجود کشمیریوں کی جدوجہد مزید مضبوط اور منظم ہوئی ہے۔
انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان کشمیری عوام کی سیاسی، اخلاقی اور سفارتی حمایت ہر سطح پر جاری رکھے گا اور مسئلہ کشمیر کو عالمی فورمز پر مؤثر انداز میں اجاگر کیا جاتا رہے گا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق فیلڈ مارشل نے اس بات پر زور دیا کہ مسئلہ کشمیر کا حل اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق ناگزیر ہے۔
فرنٹ لائن پر تعینات افسران اور جوانوں سے خطاب کرتے ہوئے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے فوج کے بلند حوصلے، پیشہ ورانہ مہارت اور جنگی تیاریوں کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ مشکل آپریشنل حالات کے باوجود پاک فوج کی تیاری اور عزم قابلِ تحسین ہے۔
فیلڈ مارشل نے خبردار کیا کہ کسی بھی دشمنانہ کارروائی کا فوری، مؤثر اور بھرپور جواب دیا جائے گا، جبکہ پاکستان کی مسلح افواج روایتی اور ہائبرڈ خطرات سے نمٹنے کے لیے مکمل طور پر تیار ہیں۔
آئی ایس پی آر کے مطابق دورے کے دوران فیلڈ مارشل نے اگلی صفوں پر موجود جوانوں سے ملاقات کی، ان کے حوصلے اور فرض شناسی کو سراہا اور آپریشنل تیاریوں اور تمام سطحوں پر ہم آہنگی برقرار رکھنے کی ہدایت کی۔
دورے کے آغاز پر کور کمانڈر راولپنڈی نے چیف آف ڈیفنس فورسز اور سربراہ پاک فوج کا استقبال کیا۔







