
عمران خان کے صاحبزادے قاسم خان کا والد سے ملاقات کے لیے پاکستان آنے کا اعلان
قاسم خان کا دعویٰ: عمران خان 914 دن سے قیدِ تنہائی میں ہیں، صحت متاثر، ویزا درخواستوں پر تاخیر کی شکایت
عمران خان کے صاحبزادے قاسم خان کا والد سے ملاقات کے لیے پاکستان آنے کا اعلان
پاکستان تحریکِ انصاف کے بانی چیئرمین عمران خان کے صاحبزادے قاسم خان نے کہا ہے کہ وہ اپنے بھائی کے ہمراہ والد سے ملاقات کے لیے پاکستان آنا چاہتے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ موجودہ صورتحال تشویشناک ہے اور اس معاملے پر فوری توجہ کی ضرورت ہے۔
قاسم خان نے اپنے بیان میں کہا کہ عمران خان کو گزشتہ 914 دن سے قیدِ تنہائی میں رکھا گیا ہے، جس کے باعث ان کی صحت متاثر ہو رہی ہے۔ ان کے مطابق بانی پی ٹی آئی کو آزاد اور معیاری طبی سہولیات تک رسائی فراہم نہیں کی جا رہی۔
انہوں نے مزید کہا کہ وہ اور ان کے بھائی کئی عرصے سے والد سے ملاقات کے خواہاں ہیں، تاہم حکومت کی جانب سے ویزہ درخواستوں پر دانستہ تاخیر کی جا رہی ہے، جس کے باعث وہ پاکستان نہیں آ پا رہے۔
قاسم خان کا کہنا تھا کہ کسی قیدی کو علاج سے محروم رکھنا انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزی ہے، جبکہ بچوں کو والد سے ملنے سے روکنا اجتماعی سزا کے مترادف ہے۔
انہوں نے عالمی برادری، انسانی حقوق کی تنظیموں اور بین الاقوامی حکومتوں سے اپیل کی کہ کسی ناقابلِ تلافی نقصان سے قبل اس معاملے پر آواز بلند کی جائے اور فوری اقدامات کیے جائیں۔







