
پاک بھارت میچ دنیا کا سب سے منافع بخش مقابلہ، آئی سی سی کی مجبوری ہے دونوں ٹیموں کو ایک گروپ میں رکھنا: مارک بوچر
سابق انگلش کرکٹر مارک بوچر کا کہنا ہے کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان کرکٹ مقابلہ عالمی سطح پر سب سے زیادہ مالی فائدہ دینے والا میچ ہے، جس کی وجہ سے آئی سی سی کو یہ یقینی بنانا پڑتا ہے کہ دونوں ٹیمیں ایک ہی گروپ میں شامل ہوں۔
پاک بھارت کرکٹ صورتحال پر گفتگو کرتے ہوئے مارک بوچر نے کہا کہ پاکستان اور بھارت کا ایک گروپ میں ہونا کوئی اتفاق نہیں بلکہ ایک طے شدہ حکمتِ عملی کا حصہ ہے۔ ان کے مطابق دیگر ٹیموں کے لیے تو قوانین اور ضابطوں پر سختی سے عمل کیا جاتا ہے، تاہم چیمپئنز ٹرافی میں بھارت کے لیے خاص انتظامات دیکھنے کو ملے۔
سابق کرکٹر نے مزید کہا کہ بھارت کو اپنی مرضی کے مطابق میچز کھیلنے کی سہولت حاصل ہوتی ہے جبکہ دوسری ٹیموں کو حالات کے مطابق خود کو ایڈجسٹ کرنا پڑتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اس تمام صورتحال کے باوجود پاکستان نے اس مرتبہ نہایت مؤثر اور شاندار حکمتِ عملی اختیار کی۔
مارک بوچر کے مطابق پاکستان کے پاس یہی ایک راستہ تھا جس کے ذریعے وہ بھارت اور آئی سی سی پر دباؤ ڈال سکتا تھا، اور پاکستان نے اس موقع کو بخوبی استعمال کیا۔







