
لاہور میں بسنت کی گہماگہمی برقرار، پتنگ اور ڈور کی فروخت میں ریکارڈ اضافہ
لاہور میں بسنت کے موقع پر پتنگوں اور ڈور کی خرید و فروخت تیسرے روز بھی عروج پر رہی، جہاں تین دن کے دوران 54 کروڑ روپے سے زائد مالیت کی ڈور اور گڈیوں کی فروخت ریکارڈ کی گئی۔
مارکیٹ ذرائع کے مطابق تیسرے دن شہر کی مختلف مارکیٹوں میں پانچ لاکھ سے زائد پتنگیں اور گڈے فروخت ہوئے۔ قیمتوں میں بھی نمایاں فرق دیکھا گیا، جہاں ڈیڑھ تاوا گڈا 650 روپے، ایک تاوا 450 روپے اور پونا تاوا 250 روپے میں فروخت ہوتا رہا۔
کائٹ ایسوسی ایشن کے عہدیداروں کا کہنا ہے کہ بسنت کے باعث ڈور کی مانگ میں بھی غیر معمولی اضافہ ہوا ہے۔ ان کے مطابق دو پیس ڈور کا پنا 7 سے 8 ہزار روپے جبکہ چار پیس ڈور کا پنا 12 سے 15 ہزار روپے میں فروخت کیا جا رہا ہے۔
اعداد و شمار کے مطابق، پہلے دن 16 کروڑ روپے، دوسرے دن 18 کروڑ روپے جبکہ تیسرے دن 20 کروڑ روپے سے زائد کی خرید و فروخت ہوئی، جس سے بسنت سے وابستہ کاروبار ایک بار پھر سرگرم نظر آ رہا ہے۔







