
آبنائے ہرمز میں کشیدگی: ایرانی پاسداران انقلاب کی امریکی پرچم بردار جہاز کو روکنے کی کوشش
میری ٹائم ذرائع کے مطابق ایرانی مسلح کشتیاں اور ڈرونز امریکی پرچم والے جہاز کے قریب پہنچے، سینٹ کام نے واقعے کی تصدیق کر دی
آبنائے ہرمز میں کشیدگی: ایرانی انقلابی گارڈز کی امریکی پرچم بردار جہاز کو روکنے کی کوشش
آبنائے ہرمز میں ایک بار پھر ایران اور امریکا کے درمیان کشیدگی سامنے آئی ہے، جہاں ایرانی پاسدارانِ انقلاب کی مسلح کشتیوں نے امریکی پرچم بردار تجارتی جہاز کو گھیرنے کی کوشش کی۔
میری ٹائم سیکیورٹی ذرائع کے مطابق، ایرانی کشتیوں نے عمان کے شمالی سمندری علاقے میں امریکی پرچم والے جہاز کا پیچھا کیا اور اسے رکنے کا اشارہ دیا، تاہم جہاز نے اپنی رفتار برقرار رکھتے ہوئے سفر جاری رکھا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اس دوران پاسدارانِ انقلاب کی متعدد مسلح کشتیاں آبنائے ہرمز میں جہاز کے قریب آ گئیں، جس سے صورتحال خاصی تناؤ کا شکار ہو گئی۔
ایرانی حکام نے دعویٰ کیا ہے کہ امریکی پرچم بردار جہاز بغیر اجازت ایرانی سمندری حدود میں داخل ہوا تھا، جس پر وارننگ جاری کی گئی۔ ایرانی عہدیدار کے مطابق، تنبیہ کے بعد جہاز متنازعہ علاقے سے نکل گیا۔
دوسری جانب امریکی سینٹرل کمانڈ (سینٹ کام) کے ترجمان نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ ایرانی کشتیوں نے امریکی پرچم والے جہاز کو روکنے کی کوشش کی اور عملے کو ہراساں بھی کیا۔
سینٹ کام کے مطابق، واقعے کے دوران ایرانی ڈرونز اور پاسدارانِ انقلاب کی کشتیاں جہاز کے قریب پہنچ گئیں اور جہاز کو قبضے میں لینے کی دھمکیاں بھی دی گئیں، تاہم کوئی تصادم پیش نہیں آیا۔







