
پنجاب پولیس کی قیادت میں تبدیلی، راؤ عبدالکریم نئے آئی جی مقرر
پنجاب پولیس کی اعلیٰ قیادت میں اہم تبدیلی کردی گئی ہے۔ انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کو اُن کے عہدے سے ہٹا دیا گیا ہے، جبکہ راؤ عبدالکریم کو نیا آئی جی پنجاب تعینات کر دیا گیا ہے۔
صوبائی حکومت کے ذرائع کے مطابق آئی جی پنجاب کے عہدے کے لیے متعدد سینئر افسران کے نام زیر غور رہے۔ ممکنہ امیدواروں میں آئی جی خیبر پختونخوا ذوالفقار حمید، سی سی پی او لاہور بلال صدیق کمیانہ اور ایڈیشنل آئی جی سی ٹی ڈی وسیم سیال شامل تھے، تاہم حتمی طور پر راؤ عبدالکریم کے نام کی منظوری دی گئی۔
وفاقی حکومت سے وابستہ ذرائع کا کہنا ہے کہ ڈاکٹر عثمان انور کو پنجاب سے وفاق منتقل کیے جانے کا امکان ہے، جہاں انہیں ڈائریکٹر جنرل وفاقی تحقیقاتی ادارہ (ایف آئی اے) مقرر کیا جا سکتا ہے۔
یاد رہے کہ ڈاکٹر عثمان انور کو 24 جنوری 2023 کو انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب تعینات کیا گیا تھا، اور انہوں نے اس عہدے پر تین سال سے زائد عرصہ خدمات انجام دیں۔







