
ملک کو معاشی، سیاسی اور سیکیورٹی بحران کا سامنا ہے، علامہ راجا ناصر عباس
سینیٹ میں قائد حزبِ اختلاف علامہ راجا ناصر عباس نے کہا ہے کہ پاکستان اس وقت شدید معاشی، سیاسی اور امن و امان کے بحران سے گزر رہا ہے۔ ان کے مطابق حالیہ واقعات نے ریاستی نظام اور سیکیورٹی انتظامات پر سنجیدہ سوالات کھڑے کر دیے ہیں۔
اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ کوئٹہ میں پیش آنے والے واقعے کی ویڈیوز دیکھی جا چکی ہیں اور یہ حیران کن بات ہے کہ یہ سب کچھ ریڈ زون جیسے حساس علاقے میں ہوا۔ ان کا کہنا تھا کہ بعض عناصر کئی گھنٹوں تک شہر میں آزادانہ گھومتے رہے اور کوئی مؤثر کارروائی سامنے نہیں آئی۔
علامہ راجا ناصر عباس نے مزید کہا کہ یہ لوگ تین سے چار گھنٹے تک دندناتے رہے، جبکہ ایسے افراد بھی پارلیمنٹ پہنچ گئے جنہیں عوام نے منتخب نہیں کیا تھا، جو جمہوری نظام کے لیے ایک تشویشناک صورتحال ہے۔
انہوں نے سوال اٹھایا کہ بلوچستان میں ہونے والے بڑے سانحات کے بعد کیا کسی ذمہ دار نے استعفیٰ دیا؟ ان کا کہنا تھا کہ صوبے میں سالانہ تقریباً 80 ارب روپے سیکیورٹی پر خرچ کیے جاتے ہیں، اس کے باوجود رات کے وقت کئی علاقوں میں حکومتی رٹ نظر نہیں آتی۔
سینیٹ میں قائد حزب اختلاف کے مطابق بلوچستان میں امن و امان کی صورتحال حکومت کی کارکردگی پر ایک بڑا سوالیہ نشان ہے، جس پر فوری اور سنجیدہ توجہ کی ضرورت ہے۔







