
حکومت پاکستان کی قومی کرکٹ ٹیم کو ٹی 20 ورلڈ کپ 2026 میں شرکت کی مشروط اجازت
حکومت پاکستان نے قومی کرکٹ ٹیم کو آئی سی سی ٹی 20 ورلڈ کپ 2026 میں شرکت کی اجازت دے دی ہے، تاہم بھارت کے خلاف میچ نہ کھیلنے کی شرط عائد کی گئی ہے۔
یہ فیصلہ وزیراعظم شہباز شریف اور چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ محسن نقوی کے درمیان ہونے والی دوسری اہم ملاقات کے بعد سامنے آیا۔ حکومتی مؤقف کے مطابق پاکستان ٹیم ایونٹ میں شامل تو ہوگی لیکن 15 فروری کو شیڈول پاکستان بمقابلہ بھارت میچ نہیں کھیلا جائے گا۔
سماجی رابطوں کی ویب سائٹس پر جاری سرکاری بیان میں کہا گیا ہے کہ حکومتِ اسلامی جمہوریہ پاکستان نے قومی ٹیم کو آئی سی سی ٹی 20 ورلڈ کپ 2026 میں شرکت کی منظوری دے دی ہے، تاہم بھارت کے خلاف میچ میں حصہ نہ لینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
بیان میں مزید وضاحت کی گئی کہ پاکستان ٹیم گروپ اے میں شامل ہے اور ٹورنامنٹ میں اپنی مہم کا آغاز 7 فروری کو نیدرلینڈز کے خلاف میچ سے کرے گی، جبکہ دوسرا میچ 10 فروری کو امریکا کے خلاف کھیلا جائے گا۔
واضح رہے کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان 15 فروری کو میچ شیڈول تھا، لیکن حکومتی فیصلے کے بعد قومی ٹیم یہ میچ نہیں کھیلے گی۔
گروپ اے میں پاکستان ٹیم اپنا آخری میچ 18 فروری کو نمیبیا کے خلاف کھیلے گی۔







