
ایران میں احتجاج اور سکیورٹی خدشات کے دوران سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای منظرِ عام پر آ گئے
اسلامی انقلاب کی 47ویں سالگرہ پر آیت اللہ خامنہ ای کی امام خمینی کے مزار پر حاضری، سرکاری بیان جاری
ایران میں سیاسی صورتحال کے دوران سپریم لیڈر عوام میں آ گئے
ایران میں جاری عوامی احتجاج، سکیورٹی خدشات اور ممکنہ امریکی کارروائی سے متعلق قیاس آرائیوں کے ماحول میں ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای طویل وقفے کے بعد ایک مرتبہ پھر عوام کے سامنے آئے ہیں۔ انہوں نے اسلامی انقلاب کی 47ویں سالگرہ کے موقع پر تقریبات کا باقاعدہ آغاز کرتے ہوئے بانیِ انقلاب آیت اللہ روح اللہ خمینی کے مزار پر حاضری دی اور فاتحہ خوانی کی۔
ایران کے سپریم لیڈر کے سرکاری سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر جاری بیان میں بتایا گیا کہ آیت اللہ علی خامنہ ای کی موجودگی میں اسلامی انقلاب کی کامیابی کی 47ویں سالگرہ کی تقریبات کا آغاز کیا گیا۔ بیان کے مطابق یہ تقریب امام خمینی کے مزارِ اقدس پر منعقد ہوئی جہاں انقلاب کی جدوجہد اور قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کیا گیا۔
یہ پیشی ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب ایران اندرونی و بیرونی دباؤ کا سامنا کر رہا ہے، جس کے باعث سپریم لیڈر کی موجودگی کو خاص اہمیت دی جا رہی ہے۔







