ٹائٹلعالمی امور

آذربائیجان کا دوٹوک اعلان، ایران کے خلاف کارروائی کے لیے سرزمین یا فضائی حدود استعمال نہیں ہونے دیں گے

وزیر خارجہ جیحون بایراموف اور ایرانی ہم منصب عباس عراقچی کے درمیان رابطہ، خطے میں بڑھتی کشیدگی پر تشویش

آذربائیجان کا واضح مؤقف، ایران کے خلاف اپنی سرزمین یا فضائی حدود کے استعمال سے انکار

جمہوریہ آذربائیجان نے ایران کے خلاف کسی بھی ممکنہ فوجی کارروائی میں اپنی سرزمین یا فضائی حدود کے استعمال کو صاف طور پر مسترد کر دیا ہے۔ آذربائیجان کے وزیر خارجہ جیحون بایراموف نے واضح کیا ہے کہ ان کا ملک کسی بھی ریاست کو یہ اجازت نہیں دے گا کہ وہ ہمسایہ ملک ایران کے خلاف کارروائی کے لیے آذربائیجان کی حدود استعمال کرے۔

یہ بات وزیر خارجہ جیحون بایراموف نے ایرانی وزیر خارجہ سید عباس عراقچی سے ٹیلی فون پر ہونے والی گفتگو کے دوران کہی۔ بات چیت میں دونوں رہنماؤں نے خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی پر گہری تشویش کا اظہار کیا اور امن و استحکام کی ضرورت پر زور دیا۔

آذربائیجان کے وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ علاقائی تنازعات کا حل صرف سفارتی ذرائع اور بات چیت کے ذریعے ممکن ہے، جبکہ کسی بھی قسم کی عسکری مہم جوئی پورے خطے کے امن کے لیے خطرناک ثابت ہو سکتی ہے۔

دونوں ممالک کے وزرائے خارجہ نے اس عزم کا بھی اعادہ کیا کہ باہمی رابطے اور سفارتی مشاورت کے ذریعے موجودہ صورتحال کو مزید بگاڑ سے بچایا جائے گا۔ آذربائیجان کے اس مؤقف کو علاقائی سیاست میں توازن اور ہمسائیگی کے اصولوں کے تحت ایک اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔

جواب دیں

Back to top button