پاکستانٹائٹل

بھاٹی گیٹ واقعہ: متاثرہ خاتون کے والد سے زبردستی سادہ کاغذ پر دستخط لینے کا الزام، ویڈیو سامنے آ گئی

لاہور میں ماں بیٹی کے سیوریج لائن میں جاں بحق ہونے کے کیس میں ورثا نے پولیس پر دباؤ ڈالنے اور گرفتار اہلکاروں کو ریلیف دینے کے لیے سادہ کاغذات پر انگوٹھے لگوانے کا الزام عائد کر دیا۔

بھاٹی گیٹ لاہور واقعہ: متاثرہ خاندان سے زبردستی سادہ کاغذات پر دستخط لینے کا الزام، ویڈیو منظرِ عام پر آ گئی

لاہور کے علاقے بھاٹی گیٹ میں ماں اور بیٹی کے سیوریج لائن میں گر کر جاں بحق ہونے کے افسوسناک واقعے سے متعلق ایک نیا انکشاف سامنے آیا ہے۔ مقدمے کے مدعی، متاثرہ خاتون کے والد ساجد حسین پر الزام عائد کیا گیا ہے کہ پولیس نے ان سے سادہ کاغذ پر زبردستی دستخط اور انگوٹھے لگوائے۔

اس حوالے سے تھانے میں انگوٹھا لگوانے کے بعد کی ایک ویڈیو بھی منظرِ عام پر آ چکی ہے، جس نے معاملے کو مزید سنگین بنا دیا ہے۔ ورثا کا کہنا ہے کہ پولیس اہلکار زبردستی سادہ کاغذات پر انگوٹھے لگوا کر اپنے ساتھ لے گئے۔

متاثرہ خاندان نے الزام لگایا ہے کہ یہ عمل معطل اور گرفتار سرکاری اہلکاروں کو ریلیف دینے کے لیے کیا گیا۔ ورثا کے مطابق ان سے کسی وضاحت کے بغیر دستخط اور انگوٹھے لیے گئے تاکہ کیس کا رخ تبدیل کیا جا سکے۔

واضح رہے کہ چند روز قبل بھاٹی گیٹ میں ایک خاتون اپنی کمسن بیٹی سمیت کھلے سیوریج ہول میں گر کر جاں بحق ہو گئی تھیں۔ واقعے کے بعد انتظامیہ پر الزام عائد کیا گیا کہ اس نے ابتدا میں معاملے کو دبانے اور میڈیا کو گمراہ کرنے کی کوشش کی۔

انتظامیہ کا مؤقف تھا کہ ایسا کوئی حادثہ پیش ہی نہیں آیا اور تکنیکی اعتبار سے اس سیوریج ہول میں کسی انسان کا ڈوبنا ممکن نہیں۔ دوسری جانب پولیس نے بھی ابتدائی تفتیش میں واقعے کو گھریلو جھگڑے کا رنگ دینے کی کوشش کی اور شوہر پر سنگین الزامات عائد کر دیے۔

شک کی بنیاد پر شوہر سمیت تین افراد کو حراست میں لینے کی اطلاعات بھی سامنے آئیں، تاہم بعد ازاں پولیس نے اس کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ کسی کو گرفتار نہیں کیا گیا۔

بعد میں معاملے کی سنگینی کے پیشِ نظر وزیر اعلیٰ پنجاب نے سخت نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ پروجیکٹ ڈائریکٹر، مینیجر اور کنسلٹنٹ کو فوری طور پر گرفتار کرنے کے احکامات جاری کیے تھے۔

جواب دیں

Back to top button