پاکستانٹائٹل

سیکیورٹی فورسز کی دو بڑی کارروائیاں، 41 بھارتی حمایت یافتہ دہشت گرد ہلاک

ترجمان پاک فوج کے مطابق علاقے میں مزید بھارتی حمایت یافتہ عناصر کے خاتمے کے لیے کلیئرنس آپریشن تاحال جاری ہے۔

پاک فوج کے شعبۂ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) نے بتایا ہے کہ 29 جنوری کو بلوچستان کے مختلف علاقوں میں خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر کی گئی دو الگ الگ کارروائیوں میں بھارتی پراکسی تنظیموں سے تعلق رکھنے والے 41 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا گیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق پہلی کارروائی ضلع ہرنائی کے مضافاتی علاقے میں کی گئی، جہاں سیکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کے ایک ٹھکانے کو مؤثر انداز میں نشانہ بنایا۔ کارروائی کے دوران شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا، جس کے نتیجے میں بھارتی سرپرستی میں سرگرم 30 دہشت گرد مارے گئے۔

فوج کے مطابق ہلاک ہونے والے دہشت گردوں کا تعلق فتنہ الخوارج اور فتنہ الہندوستان سے تھا۔ کارروائی کے بعد موقع سے بھاری مقدار میں اسلحہ اور دھماکا خیز مواد برآمد کیا گیا، جسے سیکیورٹی خدشات کے پیشِ نظر وہیں تلف کر دیا گیا۔

دوسری کارروائی ضلع پنجگور میں ایک اور مصدقہ خفیہ اطلاع پر عمل میں لائی گئی، جہاں دہشت گردوں کے ایک اور ٹھکانے کو تباہ کر دیا گیا۔ اس آپریشن کے دوران فتنہ الہندوستان سے وابستہ 11 بھارتی حمایت یافتہ دہشت گرد ہلاک ہوئے۔

آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ ہلاک دہشت گرد ماضی میں مختلف دہشت گردانہ سرگرمیوں میں ملوث رہے تھے۔ کارروائی کے دوران دہشت گردوں سے اسلحہ، گولہ بارود اور نقد رقم بھی برآمد ہوئی، جو 15 دسمبر 2025 کو پنجگور میں ہونے والی بینک ڈکیتی سے حاصل کی گئی تھی۔

ترجمان پاک فوج کے مطابق علاقے میں مزید بھارتی حمایت یافتہ عناصر کے خاتمے کے لیے کلیئرنس آپریشن تاحال جاری ہے۔

جواب دیں

Back to top button