
حاملہ SWAT کمانڈو کا مبینہ قتل، شوہر گرفتار
واقعے کے بعد پولیس نے ملزم انکور کو گرفتار کر کے اس کے خلاف قتل اور جہیز کے مطالبے سے متعلق دفعات کے تحت مقدمہ درج کر لیا ہے، جبکہ مزید تفتیش جاری ہے۔
دہلی پولیس کی 27 سالہ اسپیشل ویپنز اینڈ ٹیکٹکس (SWAT) کمانڈو کاجل چوہدری کو مبینہ طور پر ان کے شوہر انکور نے تشدد کا نشانہ بنا کر قتل کر دیا۔ بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ افسوسناک واقعہ 22 جنوری کی رات پیش آیا۔
ابتدائی معلومات کے مطابق ملزم انکور نے اپنی حاملہ اہلیہ پر پہلے شدید تشدد کیا اور بعد ازاں ڈمبل سے سر پر وار کر کے جان لے لی۔ رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ واقعے کے دوران انکور نے کاجل کے بھائی نکہل—جو خود بھی پولیس میں ملازم ہیں—کو فون کر کے کہا کہ وہ اپنی بہن کو مار رہا ہے۔
دہلی پولیس کے مطابق قتل سے قبل انکور نے نکہل کو دھمکی آمیز فون کال کی اور کہا کہ اپنی بہن کو سمجھا لو، جس کے بعد فون بند کر دیا گیا۔ کچھ ہی دیر بعد دوسری کال میں انکور نے اطلاع دی کہ کاجل جان کی بازی ہار چکی ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ کاجل اور انکور کی شادی پسند کی تھی، تاہم شادی کے بعد سے انکور مبینہ طور پر جہیز کے معاملے پر کاجل کو مسلسل ہراساں کر رہا تھا۔ مقتولہ کے اہلِ خانہ نے بھی الزام عائد کیا ہے کہ کاجل کو سسرال میں ذہنی اور جسمانی تشدد کا سامنا تھا۔
واقعے کے بعد پولیس نے ملزم انکور کو گرفتار کر کے اس کے خلاف قتل اور جہیز کے مطالبے سے متعلق دفعات کے تحت مقدمہ درج کر لیا ہے، جبکہ مزید تفتیش جاری ہے۔







