
لاہور حادثہ محض اتفاق نہیں بلکہ سنگین جرم ہے، وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے لاہور میں پیش آنے والے افسوسناک واقعے پر سخت ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ شہر کے وسط میں معصوم جانوں کا ضیاع کسی صورت حادثہ قرار نہیں دیا جا سکتا بلکہ یہ سنگین غفلت اور جرم ہے، جس نے انہیں شدید دکھ اور شرمندگی میں مبتلا کر دیا ہے۔
اپنے بیان میں مریم نواز نے کہا کہ ذمہ داری قبول کرنے کے بجائے بعض عناصر نے حقائق کو مسخ کرنے کی کوشش کی تاکہ انتظامی ناکامی کو چھپایا جا سکے، جو کہ انتہائی تشویشناک امر ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ جو افسران ایک کھلے مین ہول کی حفاظت تک یقینی نہیں بنا سکتے، انہیں کسی بھی عہدے پر فائز رہنے کا کوئی اخلاقی یا قانونی حق حاصل نہیں۔
انہوں نے واضح کیا کہ وہ اس وقت تک مطمئن نہیں ہوں گی جب تک واقعے میں جاں بحق ہونے والی دو بچیوں کو انصاف فراہم نہیں کیا جاتا اور ہر ذمہ دار افسر کو قانون کے مطابق سزا نہیں دی جاتی۔
مریم نواز نے مزید کہا کہ ان کی واضح اور بار بار دی جانے والی ہدایات کے باوجود قیمتی جانیں فرائض سے غفلت کے باعث ضائع ہوئیں، جبکہ سب سے زیادہ تکلیف دہ بات سچ کو دبانے کی کوشش ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے دوٹوک انداز میں کہا کہ غافل اور بددیانت افسران کے لیے اب کوئی جگہ نہیں، وہ متاثرہ خاندان کے ساتھ کھڑی ہیں اور اس بات کو یقینی بنائیں گی کہ انصاف کے بجائے ہراساں کیے جانے والے خاندان کو مکمل تحفظ فراہم کیا جائے۔
ان کا کہنا تھا کہ پنجاب میں ہر انسانی جان کی قدر کی جائے گی، اور چاہے ذمہ دار افسر کتنا ہی بااثر کیوں نہ ہو، قانون سب کے لیے برابر ہوگا۔







