
پاکستان کی مسلح افواج ہر ممکن خطرے سے نمٹنے کے لیے مکمل طور پر تیار ہیں: فیلڈ مارشل سید عاصم منیر
چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے واضح کیا ہے کہ پاکستان کی افواج ملکی سلامتی کو درپیش ہر قسم کے چیلنج کا مقابلہ کرنے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہیں۔
پاک فوج کے شعبۂ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق فیلڈ مارشل نے یہ بات بہاولپور گیریژن کے دورے کے دوران کہی، جہاں انہیں آپریشنل تیاریوں، تربیتی نظام اور انتظامی امور پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
دورے کے دوران فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے خیرپور ٹامیوالی کے مقام پر جاری جنگی مشقوں کا مشاہدہ کیا۔ اس موقع پر جدید ڈرون ٹیکنالوجی، الیکٹرانک وار فیئر سسٹمز اور جدید نگرانی کے آلات کا عملی مظاہرہ بھی پیش کیا گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق فیلڈ مارشل نے روہی ای اسکلز لرننگ حب کا افتتاح کرتے ہوئے ڈیجیٹل مہارتوں اور جدید تعلیم کے فروغ پر زور دیا۔ اس کے علاوہ انہوں نے آرمی پبلک اسکول عباسیہ کیمپس کا افتتاح کیا اور معیاری تعلیم کے لیے افواج کے عزم کا اعادہ کیا۔
مزید برآں، فیلڈ مارشل نے ای ایم ای ریجنل ورکشاپ کا دورہ بھی کیا جہاں انہیں جدید عسکری پلیٹ فارمز کی دیکھ بھال اور تکنیکی امور سے آگاہ کیا گیا۔
دورے کے اختتام پر فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے یادگارِ شہداء پر حاضری دی اور وطن کے لیے جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔







