
کم جونگ اُن کا میزائل اور جوہری پروگرام مزید وسعت دینے کا عندیہ
شمالی کوریا کے سپریم لیڈر نے حالیہ میزائل تجربات کی نگرانی کے بعد میزائل پیداوار کو جدید بنانے کے احکامات جاری کر دیے، منصوبہ آئندہ پارٹی اجلاس میں پیش کیا جائے گا۔
شمالی کوریا کے رہنما کم جونگ اُن نے ملک کے میزائل اور جوہری پروگرام کو مزید مضبوط بنانے کے نئے منصوبوں کا عندیہ دیا ہے۔
بین الاقوامی میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ تجاویز آئندہ حکمراں جماعت کے اہم اجلاس میں پیش کی جائیں گی۔
عرب نشریاتی ادارے الجزیرہ کی رپورٹ کے مطابق کم جونگ اُن نے حالیہ میزائل تجربات کا خود مشاہدہ کیا اور میزائل سازی کے عمل کو وسعت دینے کے ساتھ ساتھ جدید ٹیکنالوجی کے استعمال کے احکامات جاری کیے ہیں۔
کم جونگ اُن کا کہنا ہے کہ یہ اقدامات مخالف قوتوں پر نفسیاتی دباؤ ڈالنے کا باعث بنیں گے۔ رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ میزائل تجربات کے دوران ان کی بیٹی کم جو ای بھی ان کے ہمراہ موجود تھیں۔
دوسری جانب شمالی کوریا میں 2021 کے بعد ہونے والی پہلی نویں پارٹی کانگریس کے انعقاد کی تیاری جاری ہے، جس میں دفاع اور معیشت کے شعبوں کے لیے پانچ سالہ ترقیاتی منصوبہ پیش کیے جانے کا امکان ہے۔
کم جونگ اُن نے بڑے پیمانے پر راکٹ لانچر سسٹم کے حالیہ تجربے کو غیر معمولی اہمیت کا حامل قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ نظام مخصوص اہداف کو نشانہ بنانے کی بھرپور صلاحیت رکھتا ہے۔
سرکاری خبر رساں ادارے کے سی این اے کے مطابق نیا تیار کیا گیا میزائل 358.5 کلومیٹر کے فاصلے پر سمندر میں موجود ہدف کو کامیابی سے متاثر کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔







