ٹائٹلمشرقِ وسطیٰ

ایران نے امریکا سے مذاکرات کی تردید کر دی، آبنائے ہرمز میں فوجی مشقوں کا اعلان

ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی کا کہنا ہے کہ امریکا سے کسی قسم کے رابطے یا مذاکرات کی درخواست نہیں کی گئی، جبکہ پاسداران انقلاب نے امریکی جہازوں کو سخت انتباہ جاری کر دیا۔

ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے واضح کیا ہے کہ ایران کی جانب سے امریکا کے ساتھ کسی قسم کے مذاکرات کی درخواست نہیں کی گئی۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق عباس عراقچی کا کہنا ہے کہ حالیہ دنوں میں امریکی خصوصی ایلچی اسٹیو وٹکوف سے ان کا کوئی براہِ راست یا بالواسطہ رابطہ نہیں ہوا۔

ایرانی وزیر خارجہ نے مزید بتایا کہ ایران مختلف ثالث ممالک کے ساتھ رابطے میں ہے جو موجودہ صورتحال پر مشاورت کر رہے ہیں، تاہم امریکا سے بات چیت کے حوالے سے کوئی پیش رفت نہیں ہوئی۔

دوسری جانب ایران نے خلیج فارس کی اہم آبی گزرگاہ آبنائے ہرمز میں فوجی مشقیں کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔
ایرانی پاسداران انقلاب نے خبردار کیا ہے کہ اگر امریکی بحری جہاز ایرانی سمندری حدود میں داخل ہوئے تو ان کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔

ادھر ایران میں اسرائیلی خفیہ ایجنسی موساد کے لیے جاسوسی کے الزام میں گرفتار ایک شخص کو سزائے موت دے دی گئی ہے، جس پر عمل درآمد کر دیا گیا ہے۔

جواب دیں

Back to top button