
آئی سی سی ورلڈکپ تنازع: بنگلا دیش کی بے دخلی کے بعد پی سی بی کے احتجاجی آپشنز پر غور
آئی سی سی ورلڈکپ سے بنگلا دیش کو باہر کیے جانے کے بعد پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے احتجاج کے لیے مختلف ممکنہ اقدامات پر غور شروع کر دیا ہے۔ ذرائع کے مطابق پی سی بی اس معاملے پر خاموش رہنے کے بجائے عملی ردِعمل دینے پر سنجیدگی سے سوچ رہا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان 15 فروری کو کولمبو میں بھارت کے خلاف شیڈول میچ کا بائیکاٹ بھی کر سکتا ہے۔ اگر پاکستان یہ میچ نہیں کھیلتا تو قوانین کے مطابق صرف دو پوائنٹس کی کٹوتی ہو گی۔
اندرونی ذرائع کے مطابق پی سی بی کے پاس بھارت کے خلاف میچ نہ کھیلنے کا مکمل اختیار موجود ہے، جبکہ اس فیصلے کی صورت میں آئی سی سی کو بھاری مالی نقصان کا سامنا بھی کرنا پڑ سکتا ہے۔
ذرائع نے مزید بتایا کہ اگر پاکستان ورلڈکپ میں شرکت جاری رکھتا ہے تب بھی بورڈ اپنے تمام احتجاجی آپشنز کھلے رکھے گا اور صورتحال کے مطابق فیصلہ کیا جائے گا۔
واضح رہے کہ اس سے قبل ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں بنگلا دیش نے سیکیورٹی خدشات کی بنیاد پر بھارت جانے سے انکار کر دیا تھا اور اپنے تمام میچز سری لنکا منتقل کرنے کی درخواست کی تھی۔ تاہم آئی سی سی نے بنگلا دیش کرکٹ بورڈ کی درخواست منظور نہ کی اور اس کی جگہ اسکاٹ لینڈ کو گروپ میں شامل کر لیا گیا۔
یہ معاملہ اب عالمی کرکٹ میں ایک نئے تنازع کی شکل اختیار کر چکا ہے، جس پر آئندہ دنوں میں مزید پیش رفت متوقع ہے۔



