
پنجگور میں سیکیورٹی فورسز کا کامیاب آپریشن، 3 دہشت گرد ہلاک
بلوچستان کے ضلع پنجگور میں سیکیورٹی فورسز نے ایک مؤثر انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے دوران بھارتی سرپرستی میں سرگرم تین دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا۔ آپریشن کے دوران دہشت گردوں اور سیکیورٹی اہلکاروں کے درمیان شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق کارروائی خفیہ معلومات کی بنیاد پر کی گئی، جن میں بھارتی پراکسی تنظیم فتنہ الہندوستان سے تعلق رکھنے والے دہشت گردوں کی موجودگی کی نشاندہی کی گئی تھی۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ سیکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کے ٹھکانے کو کامیابی سے نشانہ بنایا، جس کے نتیجے میں دہشت گرد کمانڈر فاروق عرف سورو سمیت عدیل اور وسیم مارے گئے۔
ہلاک ہونے والے دہشت گردوں کے قبضے سے بھاری مقدار میں اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکا خیز مواد بھی برآمد کیا گیا ہے۔ سیکیورٹی ذرائع کے مطابق یہ دہشت گرد علاقے میں مختلف تخریبی کارروائیوں میں ملوث رہے ہیں۔
آئی ایس پی آر نے مزید بتایا کہ علاقے میں ممکنہ طور پر موجود دیگر دہشت گردوں کی تلاش اور خاتمے کے لیے کلیئرنس آپریشن جاری ہے۔ بیان میں کہا گیا کہ عزمِ استحکام کے تحت دہشت گردی کے خلاف کارروائیاں اس وقت تک جاری رہیں گی جب تک غیر ملکی حمایت یافتہ دہشت گردی کا مکمل خاتمہ نہیں ہو جاتا۔



