
حیرت انگیز
بیدیاں روڈ فارم ہاؤس سے درجنوں شیر برآمد، 4 افراد گرفتار
غیر قانونی طور پر شیر رکھنے کا انکشاف، لاہور میں وائلڈ لائف کی بڑی کارروائی
لاہور میں محکمۂ وائلڈ لائف نے غیر قانونی طور پر جنگلی جانور رکھنے کے خلاف بڑی کارروائی کرتے ہوئے بیدیاں روڈ پر واقع ایک فارم ہاؤس پر چھاپہ مارا، جہاں سے 20 سے زائد شیر برآمد کر لیے گئے۔
محکمۂ وائلڈ لائف کے حکام کے مطابق یہ کارروائی خفیہ اطلاع کی بنیاد پر کی گئی، جس کے دوران فارم ہاؤس میں قید رکھے گئے درجنوں شیروں کو تحویل میں لے لیا گیا۔ کارروائی کے وقت وہاں موجود چار افراد کو بھی گرفتار کیا گیا۔
حکام کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزمان میں فیاض نامی شخص اور اس کے تین ساتھی شامل ہیں، جن سے غیر قانونی طور پر شیروں کی ملکیت اور دیکھ بھال سے متعلق تفتیش کی جا رہی ہے۔
محکمۂ وائلڈ لائف کے مطابق تمام برآمد کیے گئے شیروں کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا جا رہا ہے، جبکہ ملزمان کے خلاف متعلقہ قوانین کے تحت مقدمہ درج کر کے قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا گیا ہے۔



